ایدھی صاحب کی تدفین اچھے طریقے سے کی جائے، وفات پر ہر سال چھٹی دی جائے،تہمینہ درانی کا وزیراعظم کو خط
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) جہاں پاکستانی شہری محسن انسانیت عبدالستار ایدھی کی زندگی کیلئے دعائیں کر رہے ہیں وہیں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی اہلیہ اور وزیراعظم نواز شریف کی بھابی تہمینہ درانی نے ایسے مطالبات کر دیئے ہیں جو ہر پاکستانی کیلئے دل دکھا دینے والے ہیں۔
نجی ٹی وی دنیانیوز نے دعویٰ کیاہے کہ تہمینہ درانی نے ایک خط میں حکومت پاکستان سے یہ مطالبات کئے ہیں کہ ایدھی صاحب کی وفات پر ہر سال عام تعطیل کی جائے۔ ان کی تدفین سرکاری طور پراچھے طریقے سے کی جائے۔ہر سال ایدھی ایوارڈ کا اجرا بھی کیاجائے۔انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ ایدھی صاحب کی زندگی اور فلسفہ کو نصاب کا حصہ بنایا جائے۔ یہ خط تہمینہ درانی نے وزیراعظم اور اپنے جیٹھ نواز شریف کو 20مئی 2016کو لکھا۔اس وقت ایدھی صاحب کی صحت اتنی خراب بھی نہ تھی۔واضح رہے کہ عبدالستار ایدھی اس وقت کراچی کے ایک ہسپتال میں اپنی زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہے ہیں۔اس سے پہلے مشیر خارجہ سرتاج عزیز بھی ان کی وفات کے حوالے سے ایک تعزیتی بیان جاری کر چکے ہیں جس کو بعد میں واپس لینا پڑا تھا۔