مودی سرکار کی پاکستان کے خلاف بھونڈی سازش تیار ،داعش ہندوستان میں حملوں کی پلاننگ مکمل کر چکی،ذاکر نائیک کے حافظ سعید اور لشکر طیبہ سے رابطے تھے :بھارتی حساس ادارے

مودی سرکار کی پاکستان کے خلاف بھونڈی سازش تیار ،داعش ہندوستان میں حملوں کی ...
مودی سرکار کی پاکستان کے خلاف بھونڈی سازش تیار ،داعش ہندوستان میں حملوں کی پلاننگ مکمل کر چکی،ذاکر نائیک کے حافظ سعید اور لشکر طیبہ سے رابطے تھے :بھارتی حساس ادارے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) مودی سرکار اوربھارتی سیکیورٹی اداروں نے پاکستان کو دباؤ میں لانے کے لئے ایک اور سازش تیار کر لی ،ہندوستانی حساس اداروں نے تھریٹ الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈھاکہ حملوں کے بعد عالمی دہشت گرد تنظیم ’’داعش ‘‘ بھارت میں حملوں کی پلاننگ اور موقع کی تلاش میں ہے ،جبکہ عالمی شہرت کے حامل دینی سکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک کا تعلق لشکر طیبہ اور جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ محمدسعید سے جوڑ دیا ۔

بھارتی نجی ٹی وی چینل’’زی نیوز ‘‘ کے مطابق انڈیا کے حساس اداروں نے تھریٹ الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ عالمی دہشت گرد تنظیم ’’داعش ‘‘ ڈھاکہ کے سفارتی علاقے میں حملے کے بعد ہندوستان میں حملوں کی پلاننگ مکمل کر چکی اور موقع کی تلاش میں ہے ۔بھارتی سیکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ آئی ایس آئی ایس کے دہشت گرد پر مبینہ طور پر عبادت گاہوں، انفارمیشن ٹیکنالوجی کاریڈور اور پولیس اسٹیشنوں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر چکے ہیں۔داعش کے مبینہ دہشت گرد 20 سے 42 سال کی عمر کے ہیں جو مبینہ طور پر حیدرآباد میں شاپنگ مالز اور بھیڑ بھاڑ والے مقامات پر بم حملوں اور اندھا دھند فائرنگ کا پلان بنائے ہوئے ہیں ،جبکہ بنگلہ دیش کی سب سے بڑی سیاسی و مذہبی تنظیم ’’جماعت اسلامی ‘‘کے طلباء ونگ ’’اسلامی جمعیت طلباء ‘‘ کے نوجوان بڑی تعداد میں ’’داعش ‘‘ کے ساتھ منسلک ہو رہے ہیں۔

دوسری طرف ہندوستان کے حساس اداروں نے عالمی شہرت کے حامل دینی سکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک کا تعلق لشکر طیبہ اور جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ محمدسعید سے جوڑتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی اطلاعات اور شواہد ہیں کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک کا ادارہ اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن حافظ سعید اور لشکر طیبہ کے لئے سہولت کاری کا مرکز رہا ہے ،بھارت میں دہشت گردی کرنے والے لشکر طیبہ کے دہشت گردIRFسے رابطے میں تھے ،جبکہ جماعت الدعوۃ کی ویب سائٹ کے صفحہ اول پر ڈاکٹر ذاکر نائیک کی تقاریر اورIRFکی ویب سائٹ کا لنک موجود ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ حافظ سعید اور لشکر طیبہ کا ڈاکٹر ذاکر نائیک سے قریبی تعلق تھا ۔