پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ، پٹرول 4.26ڈیزل 6.37روپے فی لٹر سستا

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ، پٹرول 4.26ڈیزل 6.37روپے فی لٹر سستا

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں) نگران حکومت نے عوامی ردعمل کے بعدمہنگائی کی چکی میں پسی عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرکے ریلیف فراہم کردیا۔پیٹرول پر سیلز ٹیکس 5 فیصد، ہائی اسپیڈ ڈیزل پر 7 فیصد، لائٹ ڈیزل پر سیلز ٹیکس کی شرح 8 فیصد کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزارتِ خزانہ نے قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا،پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اطلاق گزشتہ رات رات 12 بجے سے ہوگیا۔نگران وفاقی وزیر توانائی سید علی ظفر کا کہنا تھا موٹر سپرٹ اور کیروسین آئل پر ٹیکس کی شرح 17 سے 12 فیصد ، ہائی اسپیڈ ڈیزل پر سیلزٹیکس کی شرح 31 سے 24 فیصد، لائٹ ڈیزل کی سیلز ٹیکس کی شرح 17 سے 9 فیصد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 6روپے 37 پیسے، پٹرول کی قیمت 4 روپے 26، مٹی کے تیل کی قیمت میں 3روپے 74 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 5 روپے 54 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 95 روپے 24 پیسہ، ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 112 روپے 94 پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت 83 روپے 96 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل ساڑھے پانچ روپے کمی کیساتھ 75 روپے 37 پیسے ہوگئی۔وزیر توانائی علی ظفر نے کہا نگران حکومت عوامی مشکلات سے مکمل آگاہ ہے، پیٹرول کی قیمتوں میں کمی سے معاشی پہیہ تیزی سے چلے گا، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے حکومت کو 10 ارب روپے کا نقصان ہوگا۔خیال رہے نگران حکومت نے 30 جون کو جولائی کے مہینے کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اوگرا کی سفارش سے زیادہ اضافہ کردیا تھا جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 7 روپے 54 پیسے اضا فے کیساتھ 99 روپے 50 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی۔

پٹرول سستا

مزید : صفحہ اول