بلاول بھٹو کا قافلہ مزار اوچ شریف جانے سے روکنے پر جیالوں کا شدید احتجاج ، الیکشن کمیشن نے نوٹس لے لیا

بلاول بھٹو کا قافلہ مزار اوچ شریف جانے سے روکنے پر جیالوں کا شدید احتجاج ، ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اوچ شریف (اسحاق درانی ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے قافلے کو پولیس نے روک لیا جس پر پیپلز پارٹی نے شدید احتجاج کیا جبکہ الیکشن کمیشن نے فوری طور پر واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے پنجاب حکومت کو ضروری ہدایات جاری کر دیں۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری انتخابی مہم کے سلسلہ میں اوچ شریف کے دورہ پر گئے ،تاہم جب بلاول قافلے کے ہمراہ دربار حضرت جلال الدین بخاری پر حاضری کیلئے نکلے تو پولیس نے روک لیااور قافلے میں شامل تمام گاڑیوں کی چابیاں نکال لی گئیں۔پولیس نے بلاول بھٹو زرداری کے قافلہ کو 30 منٹس تک روکے رکھا اور دربار سید جلال الدین بخاری کی جانب جانیوالے راستے سیل کردیئے، پولیس کا کہنا تھا دربار سید جلال الدین بخاری پر حاضری کا شیڈول نہیں تھا، اس دوران بلاول بھٹو زرداری، صدر پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب اور حلقہ 173 ، 174 ایم این اے کے امیدوار مخدوم سید علی حسن گیلانی نے کہا کہ وہ ہر صورت دربار جائیں گے بعد ازاں پولیس سے مذاکرات کے بعد جانے کی اجازت دے دی ، بلاول بھٹو زرداری کا دربار سید جلال الدین بخاری پر سجادہ نشین مخدوم سید زمرد حسین بخاری اور ان کے صاحبزادے سید حسن زمرد بخاری نے استقبال کیا، تبرکات کی زیارت کرائی ،اس موقع پر مخدوم سید زمرد حسین بخاری نے بلاول بھٹو زرداری کو سونے کا امام ضامن باندھا، جس پر بلاول بھٹو زرداری نے ان کا شکریہ ادا کیا،اس موقع پرپیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے اپنے رد عمل میں کہا پولیس کی طرف سے بلاول بھٹو کے قافلے کو روکنا سراسر دھونس ہے، پیپلز پا ر ٹی کے ضبط کو مت آزمایا جا ئے ، انہو ں نے کہا پنجاب کے نگران حکمران حوش کے ناخن لیں،بلاول کا راستہ روکنا کسی کے بس کی بات نہیں ۔ بلاول جیالوں کا رہنما ہے اور جیالے راستہ بنانا جانتے ہیں،پنجاب کو پیپلزپارٹی کیلئے نو گو ایریا نہیں بنایا جا سکتا۔ادھرپیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما شیری رحمان نے اپنے رد عمل میں کہا انتخابی مہم چلانا ہر امیدوار کا حق ہے، پنجاب پولیس بدمعاشی بند کرے،بلاول بھٹو زرداری کے پنجا ب میں مہم چلانے سے خائف قو تیں اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہیں۔الیکشن کمیشن فوری نوٹس لے ۔بعد ازاں اوچ شریف میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا بی بی کی شہا دت کے بعد صدر زرداری نے ملک کو ایسے مشکل حالات میں سنبھالاجب سوات میں پاکستان کا جھنڈا اتر چکا تھا، بینظیر انکم سپورٹ کے ذریعے غر بت کے خاتمے کیلئے کام کیا، اگر آپ نے ہمیں اس الیکشن میں فتح دی تو پہلے سے بہتر ملک میں خوشحالی لائیں گے، ہم بینظیر انکم سپورٹ کی طرز پر کسانوں کیلئے بھی سکیم کا آغاز کریں گے، جس میں کسان کارڈ کے ذریعے کسانوں کو سہولیات مہیا کی جائیں گی۔ 2008 میں جب پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت آئی تو گندم کی فی من قیمت 450 رو پے تھی، ہم نے گندم کی قیمت بڑھا کر 1200 روپے کردی جس سے کسانوں کو ان کی اصل قیمت ملنے لگی۔ ہم حکومت میں آکر نہ صرف گندم بلکہ کپاس، گنا اور چاول کی فصل کو بھی امدادی قیمتیں دیں گے۔ ہم سمجھتے ہیں کسان خوشحال تو ملک خوشحال، ہمارے منشور میں بھو ک مٹاؤ پرو گر ام ہے کیونکہ ملک میں 60 فیصد آبادی غذائی قلت کا شکار ہے۔ ہم نے سندھ میں درجنوں نئے ہسپتال بنائے ہیں جس میں سے 8 دل کے ہسپتال ہیں، جہاں مفت اور معیاری علاج ہوتا ہے۔ جب ہم اپنے میڈیا کے دوستوں کو کہتے ہیں تو وہ کہتے ہیں ہم نے میٹرو نہیں بنایا، جب ہم کہتے ہیں ہم یونیورسٹیاں بنائیں تو وہ کہتے ہیں ہم نے میٹرو نہیں بنایا، ہم نے آٹھ لاکھ خاندانوں کوغربت سے نکالا، لیکن وہ کہتے ہیں ہم نے میٹرونہیں بنائی، ہم نے اٹھارہ سو کینال کو پکا کیا، غریب فیصلہ کریں انہیں مفت علاج یا میٹرو چاہیے۔بلاول نے مزید کہا یہ الیکشن میر ی ذات کوعزت دینے کا نہیں عوام کے حقوق کی جنگ ہے۔ مجھے اقتدارکی ہوس نہیں، اقتدارغریب عوام کوغربت سے نکالنے ، اقلیتوں کو تحفظ دلوانے اوربی بی شہید کا خواب پورا کرنے کیلئے چاہتا ہوں، خواب کی تکمیل تک ہر طاقت سے ٹکراؤں گا۔ مجھے ملک کے غریب محنت کشوں کا ساتھ چاہیے۔ 25 جولائی کو تیر پر ٹھپہ لگانا ہے۔دوسری طرف سابق صدر آصف علی زرداری نے بلاول کا قافلے روکے جانے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے کارکنان کو پرامن رہنے کی ہدایت کی اورکہا پنجاب کے عوام پاکستان پیپلزپارٹی سے محبت کرتے ہیں، بلا و ل بھٹو کے قافلے کو روکنا جمہوریت کیخلاف سازش ہے، بلاول بھٹو کا سفر جمہوریت کا سفر ہے۔
بلاول بھٹو

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں)الیکشن کمیشن کے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے قافلے کو روکنے کا سخت نوٹس لے لیا ، سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے چیف سیکرٹری پنجاب اور آئی جی پنجاب سے فوری رابطہ کیا اور کہاکہ ہر کسی کو سیاسی مہم چلانے کا برابر کا حق ہے،-الیکشن کمیشن کاکہناتھا تمام سیاسی پارٹیوں اور امیدوار وں کی مہم میں کوئی رکاوٹ نہ ڈالی جائے۔ چیف سیکرٹری پنجاب اور آئی جی پنجاب نے سیکرٹری الیکشن کمیشن کو یقین دھانی کرادی کہ اس سلسلے میں قواعد وضوابط کا خیال رکھا جائے گا ۔ الیکشن کمیشن نے کہا ہر کسی کو سیاسی کمپین کا حق ہے ، تمام سیاسی پار ٹیو ں اور امیدوار وں کی کمپین میں کوئی رکاوٹ نہ ڈالی جائے۔

مزید :

صفحہ اول -