نگران وزیر اعلٰی کا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر پنجاب بھر میں بلا امتیاز کا رروائی کا حکم

نگران وزیر اعلٰی کا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر پنجاب بھر میں بلا امتیاز کا ...

لاہور(جنرل رپورٹر)نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر قانون کے تحت بلاامتیاز کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ ضلعی وڈویژنل انتظامیہ او رپولیس خلاف ورزی پر قانون کے مطابق کارروائی کریں، عام انتخابات کا پرامن او رشفاف انعقاد ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے لہٰذاہر ایک نے دیانتداری ،ایمانداری اور نیک نیتی سے اپنا فرض نبھانا ہے اوراگر محنت ، عزم اور جذبے سے فرائض سرانجام دیں گے تو قومی ذمہ داری نبھانے میں سرخرو ہوں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے 3گھنٹے تک جاری رہنے والے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں عام انتخابات کی تیاریوں ، ممکنہ سیلاب ، ڈینگی اور پولیو سے بچاؤ کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ الیکشن ڈیوٹی کیلئے مجموعی طو رپر 2لاکھ 59ہزار سے زائد پولیس افسر اور اہلکار تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں اہم سیاسی شخصیات کو درپیش تھرٹس کے پیش نظر فول پروف سکیورٹی دینے کا فیصلہ کیا گیا۔امیدواروں کو بھی سکیورٹی دی جائے گی اور اسی طرح جلسے ، جلوسوں اور ریلیوں کو بھی سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ نگران وزیراعلیٰ ڈاکٹر حسن عسکری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں 141 قومی او ر297صوبائی نشستوں پر انتخابات کے لئے 47473 پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے ہیں اور پولنگ سٹیشنز پر کم ازکم ضروری سہولتیں مہیا کر دی گئی ہیں۔ پاکستان آرمی، رینجرز اور دیگر سکیورٹی ایجنسیز کے ساتھ امن عامہ کے لائحہ عمل کو حتمی شکل دی گئی ہے۔ پنجاب بھر میں انتخابی ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے دفعہ 144نافذ کی گئی ہے جبکہ کابینہ کمیٹی برائے امن وامان باقاعدگی سے امن عامہ کی صورتحال اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لے رہی ہے۔نگران وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ امن وامان کی صورتحال اورسکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے ۔ اجلاس میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر دریاؤں کے حفاظتی بند اورپشتوں کی مستقل نگرانی کا فیصلہ کیا گیا۔ نگران وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ مون سون کے دوران ممکنہ سیلاب کے اندیشے کے پیش نظر انتظامات اور تیاریوں میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے جبکہ پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی کوارڈینیشن ٹیمیں رابطے میں رہیں گی۔ اجلاس کو الیکشن کی تیاریوں ، ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے انتظامات ، ڈینگی کی صورتحال اور پولیو کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ غیر ملکی میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا کہ نگران حکومت کی پہلی اورآخری ترجیح انتخابات کے شفاف اور پرامن انعقاد کو یقینی بناناہے اس لئے نگران حکومت مکمل طورپر غیر جانبداراورغیر سیاسی ہے۔انہوں نے کہا کہ امن عامہ کی صورتحال کوبہتر سے بہتر بنانے کیلئے ہر طرح کے اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات کا پرامن اور غیر جانبدار انعقاد قومی ذمہ داری ہے جسے ہر حال میں پورا کریں گے۔ہم پر جو اخلاقی اور قومی ذمہ داری عائد ہوئی ہے، اس میں سرخروہو کر جائیں گے۔دریں اثناء معروف سماجی کارکن عبدالستار ایدھی کی دوسری برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا کہ عبدالستار ایدھی انسانی خدمت کی اعلیٰ ترین مثال ہیں اور ہم سب کو عبدالستار ایدھی کی زندگی سے سیکھنا چاہئے کیونکہ انہوں نے ر نگ و نسل اور مذہب کا فرق رکھے بغیرانسانیت کی بے لوث خدمت کو شعار بنایا۔ نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایدھی مرحوم کی زندگی دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے وقف تھی لہٰذاہمیں زندگی کے ہر شعبے میں اسی جذبے اور اسی طرز فکر کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب

مزید : صفحہ اول