جمہوریت اور بہتر پاکستان کی خاطر ہمارے قائد ہر سزا بھگتنے کیلئے تیار ہیں : شہباز شریف

جمہوریت اور بہتر پاکستان کی خاطر ہمارے قائد ہر سزا بھگتنے کیلئے تیار ہیں : ...

مریدکے/نارنگ منڈی/نارووال(نمائندگان)مسلم لیگ( ن) کے مرکزی صدر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام نے میاں نواز شریف کے خلاف نا انصافی کے فیصلہ کو مسترد کر دیا ہے اور 25جولائی کو ووٹ کی مہر سے میاں نواز شریف کی کامیابی کا فیصلہ سنا دیں گے۔ میاں نواز شریف کودنیا کے واحد اسلامی ملک کو ایٹمی طاقت بنانے، لوڈ شیڈنگ کے طویل عذاب سے نجات دلانے،سی پیک، موٹر ویز، میٹرو بسوں اور اورنج ٹرین کے ذریعے ترقی یافتہ ملک بنانے اور جمہوریت کو مضبوط بنانے کی سزا دی جا رہی ہے لیکن جمہوری اور بہتر پاکستان کی خاطر ہمارے قائد ہر سزا بھگتنے کیلئے تیار ہیں۔ مریدکے اور نارنگ منڈی میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے میاں شہباز شریف نے کہا کہ ہم نوٹوں اور لوٹوں سے نہیں عوام کے ووٹوں سے تبدیلی لائیں گے اور عام انتخابات میں بھر پور کامیابی حاصل کرکے ترقی یافتہ پاکستان کی بنیاد رکھیں گے۔ میاں شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ ن جب بھی اقتدار میں آئی جمہوریت دشمن قوتیں اس کی دشمن بن گئیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے ووٹوں سے نمائندگی کا حق حاصل کرنے والوں کو جیلوں میں ڈالا جا رہا ہے اور آمریت کی چھتری تلے پناہ لینے والوں کو سات خون معاف ہیں لیکن اب پاکستان کے عوام نے ووٹ کو عز ت دو کا نعرہ لگا دیا ہے اور وہ عزت دلا کر ہی رہیں گے۔میاں شہباز شریف نے کہا کہ میاں نواز شریف کے خلاف احتساب عدالت کی طرف سے یہ نا انصافی پر مبنی فیصلے سے ظاہر ہوتا ہے کہ مسلم لیگ( ن) کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں ملک کے کونے کونے میں جاؤں گا اور عوام کو اس نا انصافی کے بارے میں بتاؤں گا۔ انہوں نے نارنگ منڈی کے عوام سے اپیل کی کہ وہ 25جولائی کو انتخابی نشان شیر پر مہر لگا کر مسلم لیگ ن کو آگے لائیں۔قبل ازیں حلقہ این اے119کے رانا افضال حسین اور حلقہ این اے 120کے رانا تنویر حسین ، پی پی135کے چودھری حسان ریاض اور 136کے چودھری مشتاق احمد گجر نے ان کا والہانہ استقبال کیا جبکہ چیئر مین رانا قربان علی خان ،چودھری وقاص حسن ،چیئرمین چودھری نوید احمد بھٹی ایڈووکیٹ، وائس چیئر مین کرتو چودھری خالق پرویز واہگہ ،مسلم لیگی رہنما چودھری ساجد علی بل ایڈووکیٹ ،چودھری امان اللہ منج ایڈووکیٹ ،سردار شفا علی مان ،چودھری ذوالفقار گھمن ،چودھری عامر ذوالفقار گھمن ،چودھری بختیار احمد بٹر ،سیٹھ شاہد نعیم ،شفیق بٹ، دلاور جان ،چودھری مبشر نظیر جٹھول ،ارشد شیخ ،چودھری اعظم علی باجوہ،چودھری غلام عباس گجر ،ملک عبدالستار گوگیاور رمضان علی کالاخطائی سمیت ہزاروں افراد نے ڈھول کی تھاپ پر شہبازشریف کا والہانہ استقبال کیا۔ نارووال میں تحریک انصاف کے سابق رہنماؤں نعیم اللہ خان کاکٹر،امجد خان کاکٹر ،نادر خان اورامین خان کی ساتھیوں سمیت مسلم لیگ(ن) میں شمولیت پر خوش آمدید کہتے ہوئے میاں شہبازشریف نے کہا کہ نارووال عوام کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر اس بات کی دلیل ہے کہ نیب عدالت نے جو فیصلہ میاں نواز شریف کے خلاف دیا ہے، 25جولائی کو عوام کے ووٹ کی طاقت سے دوبارہ حکومت میں آئیں گے اور نواز شریف کو واپس لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نیب،پی ٹی آئی اور پاکستان پیپلز پارٹی ایک ہو کر مسلم لیگ ن کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹا خان کہتا ہے کہ اس نے کے پی کے میں 72میگا واٹ بجلی پیدا کی ہے جبکہ ن لیگ نے باوجود دھرنوں ،تحریکوں کے ملک میں گیارہ ہزار واٹ بجلی سسٹم میں شامل کی ہے۔ قبل ازیں سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نعیم اللہ خان کاکڑ اور امین خان کے ن لیگ میں آنے سے پارٹی مذید مضبوط ہوگئی۔ انہوں نے میاں محمد شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ2013میں بھی نارووال ضلع نے سو فی صد رزلٹ دیا تھا اس دفعہ بھی عوام کا جوش وخروش دیکھ کر انشاء اللہ رزلٹ سو فی صد ہی ہوگا۔اس سے قبل نعیم اللہ خان جو پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے پی پی50نارووال سے امیدوار تھے انہوں نے ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انسان کو سب سے زیادہ پیاری اس کی مرضی ہوتی ہے ہم نے بہت دباؤ ہونے کے باوجود مسلم لیگ( ن) میں شمولیت اختیار کی کیونکہ ابرارالحق زکوۃ کے پیسے کھاتا ہے۔جلسہ عام سے دانیال عزیز،خواجہ محمد وسیم بٹ،رانا منان خان،مولانا غیاث الدین اور دیگر نے بھی خطاب کیا جلسہ عام میں لوگوں کی ایک بہت بڑی تعداد نے شرکت کی اور اپنے محبوب قائد نواز شریف ،شہباز شریف احسن اقبال،خواجہ محمد وسیم بٹ کے حق میں نعرہ بازی کی اور پارٹی پرچم لہراتے ہوئے ترانوں پر ناچتے رہے۔

شہبازشریف

مزید : صفحہ اول

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...