تبدیلی والوں کا جلد ہی اصل چہرہ قوم کے سامنے آ جائیگا:سردار حسین بابک
پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے کہا ہے کہ صوبے کو لوٹنے والوں کے خلاف نیب کی تحقیقات جاری ہیں اور تبدیلی والوں کا اصل چہرہ بہت جلد قوم کے سامنے ہو گا، اے این پی کی کامیابی یقینی ہے اور حکومت میں آ کر ترقی کے رکے ہوئے عمل کا دوبارہ آغاز کریں گے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ناواگئی پی کے 22بونیر میں انتخابی مہم کے دورانایک بڑے شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر مسلم لیگ کے رہنما اور سابق امیدوار سید معمبر باچہ نے اپنے خاندان اور ساتھیوں سمیت اے این پی میں شمولیت کا اعلان کیا ، سردار حسین بابک نے پارٹی میں شامل ہونے والوں کو سرخ ٹوپیاں پہنائیں اورانہیں باچا خان کے قافلے میں شامل ہونے پر مبارکباد پیش کی ، اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی سابق حکومت کے خلاف کرپشن کے کیسز کھل چکے ہیں ،خزانے کو بری طرح لوٹا گیا اور منصوبوں کے نام پر اربوں کا قرض ہڑپ کر لیا گیا ، انہوں نے کہا سابق حکومت نے صوبے کو مالی و انتظامی طور پر تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے ، جبکہ آج خزانے میں سرکاری ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے پیسہ موجود نہیں،سردار حسین بابک نے کہا کہ اے این پی پختوبنوں کی نمائندہ جماعت ہے اور عوام25جولائی کو جعلی تبدیلی سرکار کا سیاسی جنازہ نکال دیں گے ، انہوں نے کہا کہ عوام با شعور ہیں اور اپنے وسائل لوٹنے والوں کی ضمانتیں ضبط کرائیں گے،انہوں نے کہا کہ عوام کی اکثریت روزانہ کی بنیاد پر اے این پی میں شامل ہو رہی ہے اور اے این پی اپنے اوپر کئے جانے والے اعتماد کو کبھی ٹھیس نہیں پہنچائے گی، انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ انتخابی مہم میں تیزی لانے کیلئے بھرپور کردار ادا کریں ۔اس موقع پر میاں سید لائق باچہ،محمد کریم بابک اور رؤف خان نے بھی خطاب کیا۔