ایم ایم اے عوام کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچائے گی ،قاری عثمان
کراچی (اسٹاف رپورٹر) عقیدہ ختم نبوتﷺ پر ڈاکہ ڈالنے والی جماعتوں کو قوم مسترد کردے گی۔ پاکستان اسلام کے مقدس نام پر حاصل کیا گیا تھا مگر 70 گزرنے کے بعد بھی اسلام نافذ نہیں کیا جاسکا۔متحدہ مجلس عمل کامیاب ہو کر اللہ کی زمین پر اللہ کے نظام کو نافذ کرکے دم لے گی۔ این اے 250 اور پی ایس 114 کے تمام علاقوں کے عوام کو انسانی بنیادی حقوق سے محروم رکھا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار قاری محمد عثمان اور حافظ نعیم الرحمن نے جامع مسجد اللہ والی گولیمار میں منعقد ہونے والے علماء کرام کے بڑے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مولانا محمد تسلیم۔مولانا محمد ایاز۔ مولانا عبدالقادر بلوچ۔مولانا سلطان نذیر۔مفتی ابراہیم۔مولانا محمد انور۔ قاری روح اللہ۔مولانا محبوب شاہ۔ مولانا محمد عیسی اور دیگر علماء کرام موجود تھے۔جمعیت علماء اسلام کے صوبائی نائب امیر اور پی ایس 114 سے متحدہ مجلس عمل کے نامزد امیدوار قاری محمد عثمان نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد پاکستان کے غیور مسلمانوں کو پی ٹی آئی کی قیادت کا ا صل چہرے کو پہچاننے میں کوئی ابہام باقی نہیں رہنا چاہئے۔ختم نبوتﷺ کے حلف نامے کو حذف کرنے والے شفقت محمود پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹری جنرل اور انوشہ رحمان مسلم لیگ ن کی مرکزی رہنما ہیں،دونوں نے مل کر عقیدہ ختم نبوت ﷺ پر ڈاکہ ڈالنے سے پہلے 100 بار سوچھ کر اپنی قیادت کی مشاورت سے پورا کھیل کھیلا ہوگا۔ اب قوم نے ان دونوں اور انکی پارٹیوں کے بارے میں فیصلہ کرنا ہوگا ورنہ تاریخ کسی کو معاف نہیں کرے گی۔ قاری محمد عثمان نے کہا کہ کامیابی کے بعد متحدہ مجلس عمل کے نمائندے سب سے پہلے پی ایس 114 اور این اے 250 کے درینہ مسائل پینے کے پانی کی سپلائی لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے ساتھ ساتھ گھر گھر تعلیم کو عام اور آسان کرنے معیاری ہوسپٹلز بنانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل علماء کرام اور عوام کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچائے گی۔ جماعت اسلامی کراچی کے امیر اور این اے 250 سے متحدہ مجلس عمل کے نامزد حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اسلام اس دھرتی کا مقدر بن چکا ہے۔متحدہ مجلس عمل انتخابات میں ملک کی سب سے بڑی پارلیمانی قوت بن کر ابھرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی خصوصا این اے 250 کے تمام پسماندہ علاقوں میں پینے کے پانی کی سپلائی لوڈشیڈنگ کاخاتمہ سڑکوں کی تعمیر تعلیمی اداروں کو اعلی معیار پر لانا اور عوام کو انکے بنیادی حقوق دلانا ایم ایم اے کی اولین ترجیح ہوگی۔انہوں نے کہا کہ نااہل حکمرانوں نے کراچی کو کھنڈرات بنا کر رکھدیا ہے ایم ایم اے ان شااللہ از سر نو اس شہر کی تعمیر کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم کامیابی کے بعد بھی آج کی طرح عوام میں ہی ہوں گے۔علماء کرام نے کہاکہ ووٹ محض ایک کاغذ کا ٹکڑا نہیں ہے ووٹ ایک امانت ہے ایک گواہی ایک شہادت ہے آگر عوام نے ماضی کی غلطیوں سے سبق حاصل نہ کیا اور امانت حق دار کو نہ دی گواہی اور شہادت غلط دی تو کل قیامت کے دن اللہ کے ہاں جواب دہ ہوں گے۔ لہذا عوام متحدہ مجلس عمل کے امیدوار وں کو بغیر کسی جھجھک کے ووٹ دیکر کامیاب بنائیں، یہی وقت کی ضرورت ہے۔علماء کرام نے مزید کہا کہ پاکستان بڑی قربانیاں دینے کے بعد حاصل کیا گیا تھا مگر آج تک اسلام کے نظام عدل کے نفاذ کیلئے کچھ نہیں کیا گیا ہے متحدہ مجلس عمل قوم کی امیدوں کی کرن ہے۔