عوام ووٹ کے ذریعے عدالتی فیصلہ مستردکردینگے،شیخ آفتاب

عوام ووٹ کے ذریعے عدالتی فیصلہ مستردکردینگے،شیخ آفتاب

حسن ابدال(تحصیل رپورٹر)25جولائی کو عوام عدالتی فیصلے کو تسلیم کا مسترد کرنے کا اعلان ووٹ کے ذریعے کریں گے۔میاں نواز شریف نے اس ملک کو ایٹمی طاقت بنایا ، عوام آج بھی ان سے محبت کرتی ہے۔ضلع اٹک میں میگا پراجیکٹس مکمل کروا کر عوام کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کیں۔مخالفین کے پاس کوئی عوامی خدمت کا کوئی ایجنڈا نہیں ہے مگر ہم اپنی سابقہ کارکردگی پر عوام کے پاس جا رہے ہیں۔عوام کی جانب سے ملنے والی محبت نے 25جولائی سے قبل ہی شیر کی کامیابی کی نوید سنا دی ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنماء سابق وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور اور امیدوار این اے 55شیخ آفتاب احمد نے پریس کلب حسن ابدال کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کے خلاف آنے والے عدالتی فیصلے میں انہیں اپیل کا حق قانون نے دے رکھا ہے ۔انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف اس ملک کے ہر دلعزیز وزیر اعظم رہے اور اس ملک کی عوام 25جولائی کو اپنے ووٹ کے ذریعے ان کے خلاف آنے والے عدالتی فیصلے کو تسلیم یا مسترد کرنے کا اپنا فیصلہ سنا دے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لیڈر میاں نواز شریف نے اس ملک میں سی پیک اور موٹر وے جیسے منصوبوں کو مکمل کروایا ۔ایک لاکھ سے زائد بچوں کو تعلیمی وظائف دیے گئے، دس ہزار میگا واٹ سے زائد بجلی کی پیداوار کو سسٹم میں شامل کیا گیا اور اس جیسے کئی میگا پراجیکٹس ہمارے دور حکومت میں اس ملک کو دیے گئے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ضلع اٹک میں عوامی خدمت کے ریکارڈ قائم کیے ہیں۔پورے ضلع میں سوئی گیس اور بجلی کی فراہمی کے منصوبوں کو مکمل کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنی کارکردگی کی بنیاد پر عوام کے پاس جا رہے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ ہماری کارکردگی کو دیکھتے ہوئے عوام 25جولائی کو شیر کے حق میں فیصلہ سنا دے گی۔انہوں نے کہا کہ ہمارے مخالفین کے پاس کوئی ایجنڈہ نہیں ہے اور وہ صرف نعروں کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں جبکہ ن لیگ نے ہمیشہ عوامی خدمت کی سیاست کی ہے اور اسی وجہ سے آج عوام کی جانب سے ہمیں محبت دی جا رہی ہے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر