مالدیپ نے بھارت کو زور دار جھٹکا دے دیا ، پاکستان کے ساتھ مل کر ایسا کام کر دیا کہ مودی کا رنگ لال ہوجائے
مالے(مانیٹرنگ ڈیسک) مالدیپ کے موجود صدر عبداللہ یامین بھارت کی فتنہ طرازیوں سے تنگ آ کر اس سے دوری اختیار کیے ہوئے ہیں۔ اب انہوں نے بھارت کو ایک زوردار جھٹکا دیتے ہوئے پاکستان کے ساتھ ایسا معاہدہ کر لیا ہے کہ نریندر مودی کا رنگ لال ہو جائے۔ فرسٹ پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق مالدیپ نے بھارت کو نظرانداز کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ پاور سیکٹر انفراسٹرکچر کی توسیع کا معاہدہ کر لیا ہے۔ گزشتہ دنوں مالدیپ کی سرکاری بجلی کمپنی STELCOکے حکام نے پاکستان کا دورہ کیا اور اس معاہدے پر دستخط کیے۔
مالدیپ کے اس وفد نے لاہور میں واپڈا کے سربراہ مزمل حسین سے ملاقات کی۔ملاقات کے بعد مزمل حسین کا کہنا تھا کہ پاکستان مالدیپ کی مدد کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ ہم پاور سیکٹر میں وسیع تجربہ اور مہارت رکھتے ہیں اور مالدیپ کی بجلی کمپنی کو انفراسٹرکچر کی تعمیر و ترقی میں ہر طرح کی مدد دے سکتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق بھارتی حکومت اس معاملے پر سخت پریشان ہے اور یہ اندازہ لگانے کی کوشش کر رہی ہے کہ مالدیپ درحقیقت پاکستان سے کیا چاہتا ہے، حالانکہ STELCOکے زیادہ تر پراجیکٹ چینی کمپنیاں چلا رہی ہیں۔ٹائمز آف انڈیا کے مطابق بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان کی مالی حالت کو دیکھیں تو وہ مالدیپ کی کچھ زیادہ مدد نہیں کر سکتا لیکن صدر عبداللہ یامین اپنے ملک میں بھارتی عمل دخل کم سے کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور پاکستان کے زیادہ قریب ہو رہے ہیں۔