نیب بلوچستان نے عوام الناس سے دھوکہ دہی کیس کے دو ملزمان کو پنجاب سے گرفتار کرلیا
کوئٹہ(ڈیلی پاکستان آن لائن)قومی احتساب بیورو بلوچستان نے عوام الناس سے دھوکہ دہی کے ایک کیس میں احتساب عدالت کے احکامات کی روشنی میں دو ملزمان محمد طاہر اور زاہد پرویز کو پنجاب کے شہر میاں چنوں سے گرفتار کرلیا ہے۔ نیب نے عوامی شکایات پر جعل سازی کے کیس کی تحقیقات شروع کیں تو معلوم ہوا کہ محمد عارف اور اکبر علی نامی کیس کے مرکزی ملزمان نے پانچ دیگر سہولت کاروں کی مدد سے لوگوں کو لکی ڈرا کی آڑ میں گارڑیوں و دیگر قیمتی انعامات کا جھانسہ دیکر لاکھوں روپے 30 مختلف اکاونٹس میں وصول کئے۔ نیب کی تحقیقات کی روشنی میں احتساب عدالت نے ملزمان کے بینک اکاونٹس منجمد کرتے ہوئے مرکزی ملزمان محمد عارف اور اکبر علی کو بالترتیب 4سال 6 ماہ اور 5 سال 10 ماہ کی سزا سنائی تاہم نیب نے سزا میں اضافے کے لئے ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے جس کا فیصلہ آنا ابھی باقی ہے۔احتساب عدالت نے دیگر ملزمان کی عدم پیشی پر انکی گرفتاری کے وارنٹ جاری کئے جس پر دو ملزمان محمد طاہر اور زاہد پرویز کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ باقی ملزمان کی گرفتاری کیلئے کوششیں جاری ہیں۔