کورونا وبا کے بارے میں غیر ملکی اداروں کی سٹڈی پاکستان کی درست حکمت عملی کی تصدیق ہے، عبدالعلیم خان
لاہور(لیڈی رپورٹر) سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ کورونا وبا کے بارے میں غیر ملکی اداروں کی سٹڈی پاکستان کی درست حکمت عملی کی تصدیق ہے اور اعدادو شمار بتاتے ہیں کہ وزیر اعظم عمران خان کی درست پالیسیوں کے باعث کورونا وبا پر صورتحال کنٹرول میں رہی اور دنیا بھر کے مقابلے میں پاکستان نسبتاً محفوظ اور بہتر ملک رہا۔ سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے اپنے ٹوئٹ میں امپئیر یل کالج لندن کی کورونا سٹڈی تائید کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے وزیر اعظم عمران خان نے اس معاملے پر جرات مندانہ اور دانشمندی پر مبنی موقف اختیار کیا۔
اور مختلف عالمی اداروں کی طرف سے پاکستان کی ان پالیسیوں کی تعریف حوصلہ افزا ہے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ کورڈ19میں پاکستان کی 0.74فیصد شرح دیگر ممالک کے مقابلے میں کم ترین ہے،اسی طرح ہمارا ملک شرح اموات کے لحاظ سے بھی بہت محفوظ رہا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اپنے معاشرتی مسائل ہیں جن کے باوجود مجموعی طور پر کورونا پر صورتحال کا انڈر کنٹرول رہنا خوش آئند امر ہے۔سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے شہریوں سے اپیل کی کہ اس تمام تر کامیابی کے باوجود انہیں احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے اور سب کو مل کر حکومت کی سمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی پر عمل کرنا چاہیے۔انہوں نے توقع ظاہر کی کہ انشاء اللہ انفرادی و اجتماعی کاوشوں سے ہم جلد کورونا کی وبا سے نجات حاصل کر لیں گے اور پاکستان کے شہری پہلے جیسی معمول کی زندگی گزارنے کے قابل ہو سکیں گے۔