تنخواہیں ملنے پر ٹی ایس اے یو ای ٹی کااحتجاج کا فیصلہ ملتوی

  تنخواہیں ملنے پر ٹی ایس اے یو ای ٹی کااحتجاج کا فیصلہ ملتوی

  

لاہور (سٹی رپورٹر) ٹیچنگ سٹا ف ایسوسی ایشن یوای ٹی لاہور کے صدر ڈاکٹر فہیم گوہرا عوان نے اعلان کیا ہے کہ گورنر پنجاب / چانسلر چوہدری محمد سرور کی ہدایت پر یوای ٹی انتظامیہ نے اساتذہ، ملازمین کی تنخواہوں میں کٹوتی کا فیصلہ واپس لے لیا ہے۔ تنخواہوں میں دس سے پچاس فیصد کٹوتی کی گئی تھی جو آج ہمارے اکاونٹس میں واپس آگئی ہیں، یونیورسٹی کے خزانہ دار نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ جس پر ہم گورنر پنجاب، چیئرمین پی ایچ ای سی ڈاکٹر فضل احمد خالد، وی سی ڈاکٹر منصور سرور کا شکریہ اداکرتے ہیں۔ اور اس کے ساتھ ہی 8 جولائی کو گورنر ہاؤس کے باہر احتجاج کا فیصلہ واپس لیتے ہوئے اسے ملتوی کرنے کا اعلان کرتے ہیں۔لاہور پریس کلب میں ترجمان ٹی ایس اے ڈاکٹر تنویر قاسم، ایگزیکٹو ممبر ڈاکٹر اویس ارشدکے ہمراہ ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ حکومت یوای ٹی کے مالی بحران کا مستقل بنیادوں پر حل تلاش کرے گی،حکومت رچنا انجینئرنگ کالج گوجرنوالہ اور محمد نوازشریف یوای ٹی ملتان کی تعمیر میں یوای ٹی کے بجٹ سے استعمال کیا گیا ایک ارب روپیہ واپس کرے۔ تاکہ یوای ٹی اپنے پاؤں پر کھڑی ہو سکے۔ وزیر اعظم عمران خاں سے ہمارا مطالبہ ہے کہ وہ یوای ٹی کے لیے بیل آؤ ٹ پیکج کا اعلان کریں۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -