23مارچ کادن قومی تاریخ کا سنگِ میل اور جدوجہد آزادی کا اہم موڑ ہے،بیگم مہناز رفیع

  23مارچ کادن قومی تاریخ کا سنگِ میل اور جدوجہد آزادی کا اہم موڑ ہے،بیگم ...

  

لاہور (لیڈی رپورٹر) تحریک پاکستان ایک عوامی تحریک تھی جس میں مسلمانان برصغیر بلا تفریق ذات و مسلک قائداعظمؒ کی قیادت میں متحد ہو گئے۔ 23مارچ1940ء کادن ہماری قومی تاریخ کا سنگِ میل اور جدوجہد آزادی کا اہم موڑ ہے۔ ا س دن مسلمانانِ برصغیر نے قائداعظم محمد علی جناحؒ کی قیادت میں اپنے لئے ایک واضح نصب العین یعنی ایک آزاد اور خود مختار مملکت کے حصول کا تعین کیا تھا۔ ان خیالات کا اظہارممتاز سیاسی و سماجی رہنما بیگم مہناز رفیع نے نظریہئ پاکستان ٹرسٹ کے زیر اہتمام جاری اپنی نوعیت کے منفرد پروگرام نظریاتی سمر سکول کے 20 ویں سالانہ تعلیمی سیشن (آن لائن)کے انیسویں روز اپنے خطاب کے دوران کیا۔

اس سکول کا ماٹو ”پاکستان سے پیار کرو“ ہے۔ بیگم مہناز رفیع نے کہا کہ قرارداد پاکستان ایک غیر معمولی اور دنیا کی عظیم ترین قراردادوں میں سے ایک ہے۔اس قرارداد کا بنیادی اصول حق خودارادیت تھا اور اس نے دنیاکو آزادی کا پیغام دیا۔یہ اپنی نوعیت کی ایک منفرد قرارداد تھی اور اسی کو سامنے رکھتے ہوئے دنیا کے کئی ممالک نے غلامی کا طوق اتار پھینکا۔آج کشمیری اور فلسطینی بھی اسی حق خودارادیت کے اصول پر اپنی جدوجہد آزادی کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ قراردادپاکستان کی منظوری کے بعد تحریک پاکستان میں مزید تیزی آگئی اوراس قرارداد کی منظوری کے بعد قائداعظمؒ کی ولولہ انگیز قیادت میں مسلمانان برصغیر نے اپنی منزل محض سات برس کی قلیل مدت میں حاصل کر لی۔ آزادی کی حفاظت کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ آئیے ہم سب ملکر ملکی تعمیر وترقی میں کردار ادا کرنے کا عزم کریں۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -