کیپٹن کرنل شیر خان اور حوالدار لالک جان شہدا ء (نشان حیدر) کی 21ویں برسی منائی گئی

  کیپٹن کرنل شیر خان اور حوالدار لالک جان شہدا ء (نشان حیدر) کی 21ویں برسی ...

  

راولپنڈی (سٹا ف رپورٹر) آئی ایس پی آر کے مطابق کیپٹن کرنل شیر خان نشان حیدر اور حوالدار لالک جان شہید کی اکیسویں برسی ان کے آبائی علاقوں میں منائی گئی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے پھولوں کی چادر چڑھائی گئیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید نشان حیدر کی اکیسویں برسی ان کے گاؤں صوابی میں منائی گئی اور حوالدار لالک جان شہید نشان حیدر کی بھی اکیسویں برسی ان کے آبائی گاؤں غذر میں منائی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شہداء کی قبروں پر پھول چڑھائے گئے اور زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔ آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کی طرف سے میجر جنرل احسان محمود نے لالک جان شہید کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور کمانڈنٹ پنجاب رجمنٹل سینٹر نے کیپٹن کرنل شیر خان کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ شہداء کی برسی کے موقع پر ہونے والی تقریبات میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے حوالدار لالک جان نشان حیدر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری مسلح افواج کے افسروں، جونئیر کمشنڈ افسران اور جوانوں نے اپنی بہادری پر دشمن سے بھی داد پائی،حوالدار لاک جان وہ شجاع ہے جس کی دلیری پر پوری قوم کو ناز ہے،گلگت بلتستان کے اس شیر نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا، نشان حیدر ان کی بہادری کا اعتراف ہے،وطن عزیز کے ہر شہید اور غازی کو سلام پیش کرتے ہیں،اللہ تعالی تمام شہداء کو جنت الفردوس میں اعلی ترین مقام عطا فرمائے، اہلخانہ کو صبر جمیل اور اجرعظیم دے۔

شہداء کی برسی

مزید :

صفحہ اول -