اسلام آباد کے گرین ایریاز کو مارگلہ نیشنل پارک کا حصہ بنایا جائے، وزیر اعظم

      اسلام آباد کے گرین ایریاز کو مارگلہ نیشنل پارک کا حصہ بنایا جائے، وزیر ...

  

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) وزیر اعظم عمران خان وفاقی دارلحکومت کے قدرتی حسن کومحفوظ رکھنے اور ماحولیات کی اہمیت کے پیش نظر تمام گرین ایریاز کو مارگلہ نیشنل پارک کا حصہ بنانے کی ہدایت کی ہے۔وزیر اعظم نے اسلام آباد سے تجاوزات کے خاتمے سمیت سرکاری اور پرائیویٹ دفاتر کے باہر گرین ایریا میں قائم پارکنگ ختم کرنے کیلئے ایک ہفتے میں رپورٹ طلب کی ہے۔منگل کے روز وزیر اعظم عمران خان سے وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے ملاقات کی۔اس موقع پر ملک امین اسلم نے وفاقی دارالحکومت کے قدرتی حسن اور ماحولیات کے تحفظ کے حوالے سے وزارت ماحولیات کی جانب سے مختلف منصوبوں پر وزیر اعظم کو بریفنگ دی۔ ان منصوبوں میں بوٹینیکل گارڈن کا قیام، مارگلہ ہلز نیشنل پارک کا تحفظ اور فروغ، وفاقی دارالحکومت کی تزئین و آرائش اور اسلام آباد چڑیا گھر کی اپ گریڈیشن جیسے منصوبے شامل ہیں۔وفاقی دارالحکومت میں واقع گرین ایریاز کے تحفظ کے لیے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایسے تمام گرین ایریاز کی نشاندہی کرکے انہیں مارگلہ ہلز نیشنل پارک کا حصہ بنایا جائے گا۔وزیر اعظم نے وفاقی دارالحکومت کے قدرتی حسن کو محفوظ رکھنے اور ماحولیات کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ماضی میں ناجائز تجاوزات اور قبضہ مافیا کی کاروائیوں کی وجہ سے وفاقی دارالحکومت میں واقع گرین ایریاز کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ گرین ایریاز کے تحفظ کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات ترجیحی بنیادوں پر اٹھائے جائیں۔ وفاقی دارالحکومت میں واقع کمرشل ایریاز، سرکاری و پرائیویٹ دفاتر کے باہر اور اردگرد گرین ایریاز میں واقع کار پارکنگ کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے مشیر ماحولیات، سی ڈی اے اور اسلام آباد انتظامیہ کو ہدایت کی کہ اس مسئلے کے حل کے لیے تجاویز کو آئندہ دوہفتوں حتمی شکل دی جائے۔

وزیر اعظم

مزید :

صفحہ اول -