24 چینل کا لائسنس معطل کرنے کے اقدام کیخلاف حکم امتناعی جاری
لاہور(نامہ نگارخصوصی)لاہور ہائی کورٹ نے پیمرا کی جانب سے 24 نیوز چینل کا لائسنس معطل کرنے کے پیمراکے احکامات پر عمل درآمد روکتے ہوئے مدعاعلیہان سے آج8جولائی کوجواب طلب کر لیا۔مسٹرجسٹس ساجد محمود سیٹھی نے سٹی نیوز نیٹ ورک کی درخواست پر سماعت کی،عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد نجی ٹی وی کے لائسنس معطل کرنے کے اقدام کو معطل کر تے ہوئے پیمرا کی حکم امتناعی جاری نہ کرنے کی استدعا مسترد کردی۔24 نیوز چینل کی طرف سے پیمرا کے اقدام کے خلاف دائر درخواست میں وفاقی حکومت اور پیمرا کو فریق بنایا گیاہے،درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پیمرا نے موقف سنے بغیر لائسنس معطل کیا جو غیر قانونی اقدام ہے،نجی ٹی وی چینل کالائسنس بحال کرنے کا حکم دیاجائے،دوران سماعت پیمرا کے وکیل نے مخالفت کی اور کہا کہ نجی ٹی وی چینل کی درخواست لاہور ہائیکورٹ میں ناقابل سماعت ہے،کیوں کہ نجی ٹی وی کے خلاف ساری کارروائی اسلام آباد میں ہوئی ہے،درخواست گزارکواسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرنا چاہیے تھا،عدالت نے ابتدائی دلائل سننے کے بعد پیمرا کا حکم نامہ معطل کرتے ہوئے وفاقی حکومت اور پیمرا کو نوٹس جاری کر دیئے۔
لائسنس معطل