جاوید غنی کی ایف بی آرکے چیئرمین کی حیثیت سے تقرری خوش آئند ہے،مقصود انور
پشاور (سٹی رپورٹر) سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر انجینئر مقصود انور پرویز نے محمد جاوید غنی کوفیڈرل بوررڈ آف ریونیو کے چیئرمین کی حیثیت سے تعیناتی کا خیر مقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ نئے ایف بی آر کے چیئرمین تاجروں‘ صنعت کاروں اور ایکسپورٹرز کے ری فنڈز کے بقایا جات کی ادائیگی میں تیزی لانے کیلئے اپنا کلیدی کردار ادا کریں گے۔ گذشتہ روز ایک بیان میں سرحد چیمبر کے صدرانجینئر مقصود انور پرویز نے کہا کہ ایف بی آر کی جانب سے ری فنڈز کی ادائیگی میں بلا وجہ تاخیر پر خیبر پختونخوا کی بزنس کمیونٹی میں کافی تشویش پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے واضح اعلان کے باوجود ری فنڈز کی اجراء میں غیر ضروری تاخیر سمجھ سے بالاتر ہے اور ایسا اقدام کورونا لاک ڈاؤن سے متاثرہ بزنس کمیونٹی کو مزید معاشی بدحالی کی طرف دھکیلنے کے مترادف ہے جو کہ سراسر ناانصافی اور کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریجنل ٹیکس آفس کے مطابق خیبر پختونخوا کی بزنس کمیونٹی کے تمام ری فنڈز کی تفصیلات بروقت ایف بی آر کو بھجوادی گئی ہے اس کے باوجود بھی ری فنڈز کے بقایا جات کے اجراء میں سست روی اور تاخیری حربے استعمال کی جا رہے ہیں جس کے باعث بزنس کمیونٹی کی معاشی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے جو کہ قابل مذمت اقدام ہے۔ انہوں نے محمد جاوید غنی کو ایف بی آر کے چیئرمین کی حیثیت سے تعیناتی پر مبارکباد پیش کی اور پرزور مطالبہ کیا کہ خیبر پختونخوا کی بزنس کمیونٹی کے ری فنڈز کے بقایا جات کے عمل میں تیزی لانے کے لئے فوری احکامات جاری کریں۔ انہو ں نے کہا کہ نئے ٹیکس گزار تلاش کئے جائیں نہ کہ ٹیکس بیس بڑھانے کی غرض سے موجودہ ٹیکس دہندگان پر اضافی ٹیکسوں کا بوجھ ڈالا جائے۔ انہوں نے حکومت اور ایف بی آر سے درخواست کی کہ کورونا لاک ڈاؤن سے تباہ حال کاروبار اور صنعتوں کو معاشی بحران سے نکالنے کے لئے ریلیف دیں اور بزنس فرینڈلی پالیسیاں متعارف کروائی جائیں۔