کورونا کا خطرہ مکمل طورپر ٹلا نہیں غیر معمولی اقداما ت اٹھانا ہوں گے

  کورونا کا خطرہ مکمل طورپر ٹلا نہیں غیر معمولی اقداما ت اٹھانا ہوں گے

  

لاہور (نمائندہ خصوصی) ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ حکومت کورونا وائرس کی وباء کی وجہ سے عیدا لاضحی کیلئے کئے جانے والے فیصلوں کو ہرصورت پیش نظر رکھے گی،کورونا وائرس کا خطرہ ہمارے سروں سے مکمل طور پر ٹلا نہیں ہے اس لئے ہمیں غیر معمولی اقدامات اٹھانا ہوں گے،ماضی میں مسلم لیگ (ن) کی سرپرستی میں مافیاز پلتے تھے لیکن اب یہ روایت اب دم توڑ چکی ہے،عوام کے ساتھ کھڑے ہونے کے دعویدار ہر کڑے وقت میں عوام کو تنہا چھوڑ کر بیرون ملک بھاگ گئے اور یہ ان کا وطیرہ ہے۔ میڈیا کیلئے جاری کئے گئے اپنے ویڈیو بیان میں ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہاکہ حکومت کورونا کے پھیلاؤ پر قابو پانے، اس کے تدارک کیلئے اقدامات کے ساتھ ساتھ معاشی سر گرمیوں کوبھی رواں دواں رکھنا چاہتی ہے لیکن بعض مواقعوں پر غیر معمولی فیصلے کرنا نا گزیر ہیں۔ حکومت عید الاضحی کے حوالے سے ماہرین سے مشاورت کر رہی ہے اورایسے فیصلے کئے جائیں گے جس سے انسانی جانیں محفوظ رہ سکیں۔اس حوالے سے تجاویز تیاری کے مراحل میں ہیں جنہیں حتمی طور ر پر طے کر کے جلد سامنے لایا جائے گا۔ ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) معیشت کے حوالے سے مگر مچھ کے آنسو بہا رہی ہے،عوام جانتے ہیں کہ لیگیوں کے کرموں کی وجہ سے ملک کے حالات اس نہج پر پہنچے،سابقہ حکمرانوں کاوژن 2025ملک کی ترقی نہیں بلکہ کرپشن اور اپنی ترقی کا وژن تھا۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف اور احسن اقبال نیب کو مطلوب لیکن اپنی سیاست چمکانے کیلئے حکومت پر کیچڑ اچھال رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے منصوبوں پر بیان بازی نہ کی جائے۔

مسرت جمشید چیمہ

مزید :

صفحہ آخر -