باجوڑ، ایم این اے اور ایم پی اے کے گھر پر راکٹ حملہ،کوئی جانی نقصان نہیں ہوا
باجوڑ(نمائندہ پاکستان) باجوڑ میں پی ٹی آئی ایم این اے و ایم پی اے کے گھر پر راکٹ فائر، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، گھرکے گیٹ کو جذوی نقصان۔ پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ رات ضلع باجوڑ کے تحصیل خار علاقہ شنڈئی موڑ نزد باجوڑ سپورٹس کمپلکس میں واقع پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی حلقہ این اے40گلد اد خان اور ان کے بھائی پاکستان تحریک انصاف کے رکن خیبر پختونخواہ اسمبلی انجینئر اجمل خان کے گھر پر نامعلوم افراد نے راکٹ فائر کیا۔ تاہم راکٹ حملے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ حملہ کے نتیجے میں گھر کے گیٹ کو جذوی نقصان پہنچاہے۔ ابھی تک کسی نے واقعہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے جبکہ باجوڑ پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے واقعہ کی تفتیش شروع کردی ہے۔راکٹ حملہ کے وقت رکن قومی اسمبلی گل داد خان گھر پر موجود تھے۔ یادرہے کہ گل داد خان سال 2018ء میں پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر قومی اسمبلی کے حلقہ این اے40پر 34616 ووٹ لیکرایم این اے منتخب ہوئے تھے جبکہ انجینئر اجمل خان سال2019ء میں صوبہ خیبر پختونخواہ اسمبلی کیلئے نئے ضم شدہ اضلاع میں صوبائی اسمبلی کے انتخابات میں حلقہ پی کے101سے 12194 ووٹ لیکر رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔حملہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گل داد خان نے کہا کہ شکر الحمد اللہ ہم محفوظ ہیں اور حملہ میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ دریں اثناء باجوڑ کے سیاسی، سماجی اور عوامی حلقوں نے اراکین اسمبلی کے گھر پر راکٹ فائر کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ فعل قرار دیا۔