صابر قریشی کی زندگی جدوجہد سے عبارت تھی،سینیٹر مشاہد اللہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے مرکزی نائب صدر و سینیٹ میں پارلمانی لیڈر سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ محمد صابر قریشی (مرحوم) کی ساری زندگی آئین کی بالادستی،پارلیمنٹ کی خود مختاری اور عوام کا حق حکمرانی تسلیم کیے جانے کے لیے بھرپور جدوجہد سے عبارت تھی۔جمہوریت کی بحالی اور استحکام کے لیے ان کی گرانقدر خدمات سنہرے حروف میں لکھی جائیں گی۔ان کی رحلت سے پاکستان مسلم لیگ (ن)ایک انتہائی بے باک،متحرک اور مخلص ساتھی سے محروم ہوگئی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرحوم کے صاحبزادے شیراز قریشی سے تعزیت کرتے ہوئے کیا۔سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہاکہ صابر قریشی کو عوامی مسائل کا بھرپور ادراک تھا اور وہ ان کے حل کے لیے ہر فورم پر سرگرداں رہتے تھے۔جشن آزادی کی تقریبات ہوں یا عید میلاد النبیﷺ کا مبارک موقع،یوم عاشور ہو یا یوم پاکستان کی تقریب،صابر قریشی اور ان کے رفقاء ان مواقعوں پر ہمیشہ پیش پیش رہتے تھے۔سینیٹر مشاہد اللہ خان نے محمد صابر قریشی کے لیے دعا کی کہ اللہ سبحان تعالیٰ ان کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا کرے۔انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ شیراز قریشی اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اس خلا کو احسن طریقے سے پر کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔