مقدمہ بازی کے یکساں نظام سے محکمہ بلدیات کی کارکردگی مانیٹر کرنے میں مدد ملے گی: کامران بنگش
پشاور(سٹاف رپورٹر)محکمہ بلدیات خیبرپختونخوا نے صوبائی مقدمہ بازی پالیسی کے تناظر میں انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے لیٹیگیشن انفارمیشن مینجمنٹ نظام فعال کر دیا۔ اس حوالے سے محکمہ بلدیات نے متعلقہ دفاتر کو نوٹیفیکشن جاری کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ بلدیات کے تمام متعلقہ دفاتر قانونی و عدالتی کاروائی کے حوالے سے لیٹیگیشن انفارمیشن سسٹم پر ڈیٹا اپلوڈ کریں گے جبکہ تمام قانونی و عدالتی امور کے متعلق ڈیٹا پندرہ دن کے اندر اندر اپلوڈ کیا جا ئے گا۔نئی لیٹیگیشن انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم سے متعلق معاون خصوصی برائے بلدیات کامران بنگش نے کہا ہے کہ مقدمہ بازی کے یکساں نظام سے محکمہ بلدیات کی کارکردگی مانیٹر کرنے میں مدد ملے گی۔اور یہ بہترطرز حکمرانی کے لئے انقلابی قدم ہے۔معاون بلدیات نے مقدمہ بازی سے متعلق نئے نظام کی افادیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس نظام کی بدولت یہ آگہی حاصل ہوگی کہ کس دفتر میں کون سے قانونی و عدالتی مقدمات چل رہے ہیں اور ان کی نوعیت کیا ہے۔ بہترین طرز حکمرانی کے لئے ڈیجیٹلائزیشن بہت ضروری ہے تاکہ کم وقت میں بہترین خدمات کی فراہمی یقینی ہو۔لیٹیگیشن انفارمیشن مینجمنٹ نظام پر متعلقہ مقدمہ بازی کی معلومات اپلوڈ کرنے کے بارے میں کامران بنگش نے کہا کہ اس کے لئے ایک خصوصی سافٹ وئیر محکمہ بلدیات نے تیار کیا ہے جس پر متعلقہ افسران اپنے دفاتر سے معلومات اپلوڈ کر سکیں گے۔