کورونا، باچاخان انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر مسافروں کیلئے بہترین انتظامات: اجمل خان وزیر

کورونا، باچاخان انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر مسافروں کیلئے بہترین انتظامات: ...

  

پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ اجمل خان وزیر نے کہا ہے کہ کورونا کے تناظر میں باچا خان انٹرنیشنل ائرپورٹ پر مسافروں کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں حکومت کو بیرون ملک پاکستانیوں کی مشکلات کا بھی اندازہ ہے، اسلئے انٹرنیشنل فلائٹس کا سلسلہ شروع کیا. ان خیالات کا اظہار انھوں نے پشاور میں باچا خان انٹرنیشنل ائرپورٹ کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ائیر پورٹ منیجر عبید الرحمن عباسی بھی موجو د تھے۔ مشیر اطلاعات نے بتایا کہ اپریل سے 6جولائی تک مجموعی طور پر 27 ہزار 381مسافروں کی آمدورفت ہوئی ہے, 24ہزار785مسافروں کی 162 مختلف پروازوں کے ذریعے باچا خان انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر آمد ہوئی ہے جبکہ اب تک 2ہزار 754افراد مختلف پروازوں سے بیرون ملک گئے ہیں اس تمام عرصے کے دوران بیرون ملک انتقال کر جانے والے 64 افراد کے جسد خاکی بھی وطن منتقل کیے گئے ہیں جنھیں بعد ازاں اپنے علاقوں کو بھیجا گیا بروز منگل مزید 14میتیں پاکستان لائی گئی ہیں.اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ باچا خان انٹرنیشنل ائر پورٹ پر مسافروں کی چیکنگ کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں 13ڈاکٹرز سمیت 32 افراد پر مشتمل طبی عملہ ائرپورٹ پر تعینات ہیں جس میں وفاق اور صوبائی دونوں جانب سے عملہ شامل ہے.انکا کہنا تھا کہ ائرپورٹ پر بغیر سکیننگ کسی کو بھی داخلے کی اجازت نہیں اپریل سے اب تک 48ہزار190 افراد کی سکریننگ کی گئی ہے جس میں عملہ اور مسافر دونوں شامل ہے ائرپورٹ پر مسافروں کے لیے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے غیر ضروری افراد کے آنے پر پابندی ہے مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ائرپورٹ عملے کا کورونا حالات کے دوران کارکردگی بہترین رہی ہے صوبے میں کورونا کے علاج کے لیے سہولیات بارے بات کرتے ہوئے مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ صوبے میں 200 ہسپتال کورونا کے لیے مختص ہیں ان اسپتالوں میں 5 ہزار 4 سو چالیس بستر کورونا مریضوں کے لیے مختص ہیں چارسدہ میں نو تعمیر شدہ ویمن اینڈ چلڈرن ہسپتال کو کورونا مریضوں کے لیے مختص کیا ہے جس میں 50 بستروں کی گنجائش ہے۔انکا کہنا تھا کہ نشتر آباد پشاور میں کورونا مریضوں کے لیے 58 بستروں پر مشتمل اسپتال مختص کیا ہے جدید طبی سہولیات سے آراستہ دونوں ہسپتالوں کا جلد افتتاح کیا جائے گا.اجمل وزیر کا کہنا تھ کہ اللہ کے فضل و کرم سے خیبر پختونخوا میں کورونا کیسز میں کمی آئی ہے,شرح اموات کا تناسب 5.2 فیصد سے کم ہو کر 3.6 ہو گیا ہے.انھوں نے کہا کہ یہ بات بھی خوش آئند ہے کہ خیبر پختونخوا میں روزانہ کی بنیاد پر کیے جانے والے ٹیسٹس میں مثبت کیسز کی شرح 25 فیصد سے کم ہو کر 15 فیصد پر آ گئی ہے۔مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ہمارے صوبے کے اسپتالوں میں کورونا کے لیے مختص 50 فیصد بستر زیر استعمال ہیں,اس وقت اسپتالوں میں 63 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں, پشاور کے ہسپتالوں میں ٹوٹل وینٹی لیٹر 94 ہیں جن میں صرف 51 زیر استعمال ہیں.کورونا ٹیسٹنگ بارے بات کرتے ہوئے مشیر اطلاعات نے کہا کہ اب تک 1 لاکھ 54 ہزار 278 کورونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔کورونا کیسز پھیلاؤ روکنے کے لیے صوبے کے مختلف اضلاع میں سمارٹ لاک ڈاؤن بارے انکا کہنا تھا کہ اسوقت 244علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن کیا گیا ہے,جہاں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 2ہزاد754 ہے,ان علاقوں کی مجموعی آبادی 8لاکھ 83ہزار 390ہے جنھیں گھروں تک محدود کیا گیا ہے. وزیراعلیٰ محمود خان کورونا سد باب کے تمام اقدامات ازخود دیکھ رہے ہیں,وزیراعلیٰ کی ہدایت پر چیف سیکرٹری خود تمام عمل کی نگرانی کررہے ہیں۔وزیراعظم کی قیادت اور صوبے میں وزیراعلیٰ محمود خان کی قیادت میں ہم نے کورونا کو شکست دینی ہے۔

مزید :

صفحہ اول -