”کراچی میں چین کے قونصلیٹ اور پاکستان سٹاک ایکس چینج پر حملے میں بھارت ملوث تھا“پاکستان نے بھارتی ریاستی دہشتگردی کا معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھا دیا

”کراچی میں چین کے قونصلیٹ اور پاکستان سٹاک ایکس چینج پر حملے میں بھارت ملوث ...
”کراچی میں چین کے قونصلیٹ اور پاکستان سٹاک ایکس چینج پر حملے میں بھارت ملوث تھا“پاکستان نے بھارتی ریاستی دہشتگردی کا معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھا دیا

  

نیویارک (ڈیلی پاکستان آن لائن)اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب نے بھارتی ریاستی دہشتگردی کا پول کھول دیا۔ منیر اکرم نے کہا ہے کہ کراچی میں چین کے قونصلیٹ اور پاکستان سٹاک ایکسچینج پر حملے میں بھارت ملوث تھا۔ بھارت پاکستان کے خلاف دہشتگرد گروپوں کی اعانت کر رہا ہے۔ بھارتی ریاستی دہشتگردی سے پاکستانی سلامتی کو سخت خطرات لاحق ہیں۔ اقوام متحدہ بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف دہشتگردی کے خطرات کا فوری نوٹس لے۔

اقوام متحدہ میں انسداد دہشتگردی کا ہفتہ منایا جا رہا ہے۔ پاکستان کے اقوام متحدہ میں مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کی جدوجہد آزادی کو دہشتگردی کا غلط رنگ دے رہا ہے، بھارتی فوج کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم ڈھا رہی ہیں۔منیر اکرم نے کہا کہ پاکستان بھارت کی جانب سے کی جانے والی دہشتگردی سے متاثر ہے، بھارت پاکستان کے خلاف دہشتگرد گروپوں کی اعانت کر رہا ہے، کراچی میں چین کے قونصلیٹ کے حملے میں بھی بھارت ملوث تھا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھارت میں اسلامو فوبیا عروج پر ہے، رواں سال فروری میں نئی دلی کے مسلم کش فسادات اسلامو فوبیا کی واضح مثال ہیں، بی جے پی کی حکومت آر ایس ایس کے ہندوتوا کے انتہا پسند نظریے پر عمل پیرا ہے، بھارت میں مسلمانوں سمیت دیگر اقلیتوں کو دبایا جا رہا ہے۔منیر اکرم کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی اقدامات کے باعث بھارت میں 18 کروڑ مسلمانوں کی زندگی خطرے میں ہے، شہریت کے قانون میں تبدیلی سے لاکھوں مسلمانوں سے شہریت چھن جانے کا خطرہ ہے۔ بھارتی مسلمانوں پر بھارت میں کورونا پھیلانے کا الزام لگایا گیا۔

اقوام متحدہ میں پاکستانی سفیر کی تقریر پر بھارت کی جانب سے واویلا کیا گیا۔ بھارتی مستقل مندوب سفارتی آداب بھلا کر پاکستان کے خلاف چلانے لگے۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -بین الاقوامی -علاقائی -اسلام آباد -