”کورونا کے باعث ایشیاءکپ منسوخ کر دیا گیا ہے“ سارو گنگولی نے حیران کن دعویٰ کر دیا
نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے صدر سارو گنگولی نے دعویٰ کیا ہے کہ عالمگیر وباءکورونا وائرس کے باعث ایشیاءکرکٹ کپ منسوخ کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر سارو گنگولی نے دعویٰ کیا ہے کہ رواں سال ایشیا کپ کا انعقاد نہیں ہوگا کیونکہ کورونا وائرس کے باعث اسے منسوخ کردیا گیا ہے تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا کہنا ہے کہ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے اس بارے میں آگاہ نہیں کیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے رواں سال ستمبر میں ایشیا کپ کی میزبانی کرنا تھی تاہم کورونا وائرس کے پیش نظر پی سی بی نے سری لنکا کو میزبانی کیلئے مشروط پیشکش کی تھی، پی سی بی نے اے سی سی کے اجلاس میں پیشکش کی تھی کہ کورونا کے باعث پاکستان، یو اے ای میں ٹورنامنٹ کا انعقاد کرانا ممکن نہیں ہے۔
پی سی بی کا کہنا تھا کہ خطے میں سری لنکا میں سب سے کم کرونا کیسز رپورٹ ہوئے اور سری لنکا میں کرکٹ سرگرمیاں ایس او پیز کے تحت بحال ہوچکی ہے، موجودہ حالات میں سری لنکا موزوں ترین مقام ہے اس لئے رواں سال ایشیاءکپ کی میزبانی سری لنکا کر لے جبکہ ایشیاءکپ 2022 ءکی میزبانی پاکستان کو دیدی جائے۔