پھلوں کے بادشاہ آم کا آپ کی صحت کے لیے وہ فائدہ جو آپ کو پہلے کبھی کسی نے نہیں بتایا
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) آم کو پھلوں کا بادشاہ کہا جاتا ہے جس کے اس قدر طبی فوائد ہیں کہ جو کوئی جان لے، پورا سیزن آم کو اپنی خوراک کا باقاعدہ حصہ بنائے رکھے۔ ویب سائٹ ڈیلی ہیلتھ پوسٹ کے مطابق آم کینسر کو نیست و نابود کرنے، چربی ختم کرنے اور کولیسٹرول کم کرنے سمیت کئی طبی فوائد کے حامل ہیں۔ یہ نظام انہضام سے قوت مدافعت تک انسانی جسم کو کئی طرح سے فائدہ پہنچاتے ہیں۔
آم میں وٹامن اے بھرپور مقدار میں پایا جاتا ہے جو آنکھوں کی صحت کے لیے انتہائی فائدہ مند اور ہڈیوں اور دانتوں کی نشوونما کے لیے ناگزیر ہے۔ اس میں وٹامن سی بھی بھرپور ہوتا ہے جو ہمارے امیون سسٹم اور کولاجین پروڈکشن کے لیے ازحد ضروری ہے۔ وٹامن سی جسم میں آئرن جذب کرنے کی صلاحیت کے لیے بھی بہت ضروری ہوتا ہے۔ آم میں انزائمز اور فائبر پائے جاتے ہیں جو ہمارے نظام انہضام کو بہتر بناتے ہیں۔ یہ پھل جسم میں تیزاب کے لیول کو بھی متوازن کرتا ہے جس کے نتیجے میں انسان گردوں کی بیماری، پٹھوں کی کمزوری اور دیگر کئی عارضوں سے محفوظ رہتا ہے۔
آم میں کئی اینٹی آکسیڈنٹس بھی پائے جاتے ہیں جو ہمارے جسم میں جا کر اینٹی انفلیمیٹری، اینٹی بیکٹیریل، اینٹی فنگل اور اینٹی وائرل اثرات کے حامل ہوتے ہیں۔ آم میں پایا جانے والا فیسیٹن نامی فائٹوکیمیکل دماغی صحت کے لیے از حد ضروری ہوتا ہے۔ ٹیکساس اے اینڈ ایم یونیورسٹی کے ماہرین کے مطابق آم میں کوئرسٹین، آئسوکوئرسٹین، ایسٹراگیلین، فیسٹین اور دیگر کئی اینٹی آکسیڈنٹس پائے جاتے ہیں جو ہمیں کینسر کی مختلف اقسام سے محفوظ رکھتے ہیں۔آم موٹاپے سے نجات کا بھی ذریعہ بنتا ہے۔ یہ جسم میں چربی کو جمع ہونے سے روکتا اور ایل ڈی ایل کولیسٹرول کو کم کرتا ہے۔