محکمہ پرائمری ہیلتھ نے انسدادڈینگی سرگرمیاں تیز کر دیں 

محکمہ پرائمری ہیلتھ نے انسدادڈینگی سرگرمیاں تیز کر دیں 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر)سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئرسارہ اسلم کی ہدایت پرمحکمہ صحت نے پنجاب بھر میں ڈینگی سے بچاؤ کی سر گرمیاں تیزکر دی ہیں۔ اس سلسلے میں صوبہ بھر کے  تمام ہسپتالوں میں خصوصی انتظامات کئے جائیں گے۔پنجاب بھرکے تمام 36  اضلاع  کے ہر  ڈی ایچ کیو میں 5 اور ٹی ایچ کیو میں 3 بیڈز ڈینگی کے مریضوں کے لئے  مختص کئے جائیں  اور عوام  کی رہنمائی کے لئے محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ زیر انتظام تمام ہسپتالوں میں خصوصی ڈینگی کاونٹرز بھی قائم کئے جائیں اس سلسلے میں تفصیلی  مراسلہ تمام اضلاع کے سی ای اوز کو ارسال کر دیا گیا ہے۔ تمام سی ای اوز 24 گھنٹے میں تمام انتظامات مکمل کرنے کے پابند ہوں گے ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران  پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں ڈینگی کا کوئی بھی مریض رپورٹ نہیں ہوا۔رواں سال صوبہ بھر سے ڈینگی کے56کنفرم کیسزسامنے آئے ہیں۔

 جن میں سے 26 کا تعلق لاہور سے تھا۔  اس وقت لاہور سمیت پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں کوئی بھی مریض زیر علاج نہیں ہے۔محکمہ صحت کی صوبہ بھر میں ڈینگی کے لاروا کو تلف کرنے اور افزائش روکنے کے لیے بھرپور کاروائیاں جاری ہیں۔پچھلے 24گھنٹوں میں پنجاب بھر میں 351،545 ان ڈور مقامات اور 84،673آؤٹ ڈور مقامات کو چیک کیا گیا اور807مقامات سے لاروا تلف کیا گیا جبکہ  لاہور میں 41،392 گھروں کی اور7،633 آؤٹ ڈور مقامات کی ڈینگی لاروا کے حوالہ سے چیکنگ کی  گئی اور کل 620 مقامات سے پازٹیو کینٹینرز کو تلف کیا گیا۔اس ضمن میں سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر سارہ اسلم کا کہناتھا کہ  ڈینگی وائرس سے بچاؤ اور روک تھام کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں عوام سے گزارش ہے کہ اگر محکمہ صحت کی ٹیمیں آپ کے گھر یا کاروباری مراکز میں ڈینگی کے لاروا کے حوالے سے چیکنگ کرنے کے لئے آئیں تو ان سے بھرپور تعاون کیا جائے کیونکہ ڈینگی انتہائی خطرناک بخار ہے جو کہ جان لیوا ثابت ہوسکتا ہے۔ ان کا مزید  کہنا تھا کہ  عوام  کورونا کی وبا سے بچاؤ کی احتیاط کے ساتھ ساتھ ڈینگی سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر بھی اپنائیں۔ اپنے ارد گرد کے ماحول کو صاف رکھ کر اپنے ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔گھروں کے اندر یا باہر پانی کھڑا نہ ہونے دیں. پرندوں اور جانوروں کے پانی والے برتن صاف رکھیں۔ اپنے گھر کے روشن دان، کھڑکیوں اور دروازوں پر جالی لگا کر رکھیں نیز دیہی علاقوں کے رہائشی مچھر دانی لگا کر سوئیں کیونکہ صفائی ستھرائی کا خیال رکھ کر ڈینگی مچھر کی افزائش کو روکا جا سکتا ہے۔