روس کے لاپتہ طیارے کا ملبہ پہاڑ اور سمندر سے مل گیا، 28افراد ہلاک
ماسکو (این این آئی)روس کا کئی دہائیوں پرانا مسافر طیارہ سمندر میں گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 28 مسافروں کی موت کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔روس کی ایمرجنسی وزارت کے ذرائع کے مطابق رات کی تاریکی کے باعث طیارے میں سوار افراد کی تلاش کا کام روک دیا گیا اور کسی بھی شخص کے زندہ بچنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں جبکہ کسی مسافر کا سامان بھی نہیں ملا۔روس میڈیا کے مطابق طیارے کا کچھ ملبہ پہاڑوں کی ڈھلوان پر ملا ہے جبکہ بقیہ حصہ ساحل سے 4 کلومیٹر اندر سمندر میں ملا ہے۔وزارت ایمرجنسی کے ذرائع کے مطابق طیارے نے دو مرتبہ لینڈ کرنے کی کوشش کی لیکن صحیح نظر نہ آنے اور تیز ہوا کے باعث پائلٹ ایسا نہ کر سکا اور ایک چٹان سے ٹکرا کر سمندر میں گر کر تباہ ہو گیا۔مقامی حکومت کا کہنا تھا کہ ان کے پاس مزید پانچ اے این-26 طیارے ہیں جو پہاڑی علاقہ جات میں مسافروں کی آمدورفت کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔وزارت ٹرانسپورٹ اور مقامی ایوی ایشن کمپنی کا کہنا تھا کہ طیارہ اچھی حالت میں تھا اور تمام حفاظتی مراحل سے گزرنے کے بعد اس میں سفر کی اجازت دی گئی تھی۔
روسی طیارہ