قبائلی اضلاع کے اقلیتی برادری کیلئے بجٹ میں 30 کروڑ مختص 

قبائلی اضلاع کے اقلیتی برادری کیلئے بجٹ میں 30 کروڑ مختص 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


باجوڑ(نمائندہ خصوصی)  خیبر پختونخواہ اسمبلی کے اقلیتی ممبر ولسن وزیر نے کہا ہے کہ قبائلی اضلاع کے اقلیتی برادری کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے حالیہ بجٹ میں 30 کروڑ روپے مقرر کئے گئے، ضلع باجوڑ میں اقلیتی برادری کو درپیش مشکلات ترجیحی بنیادوں پر حل کرینگے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے دورہ باجوڑ کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو اورمختلف حکام کیساتھ ملاقاتوں کے موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ اقلیتی برادری کے ایم پی اے ویلسن وزیر نے ضلع باجوڑ کا ایک روزہ دورہ کیا۔ انہوں نے باجوڑ اقلیتی برادری کے مسائل اور مشکلات کا جائزہ لینے کیلئے مختلف حکام سے خصوصی میٹنگ کی جن میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر زمین خان مومند، ڈی پی او صمد خان، سیکٹر کمانڈر نارتھ بریگیڈئر اظہر اور ایم ایس وزیر صافی شامل تھے۔انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ باجوڑ میں اقلیتی برادری کے لئے قبرستان اور چرچ کی تعمیر،اے کلاس ڈومیسائل کا اجراء اور نوکریوں میں حکومتی پالیسی کے مطابق 5 فیصد کوٹہ دیا جائے گا۔ضم اضلاع کے تمام اقلیتی برادری کے مشکلات حل کرینگے،انہوں نے کہا کہ اقلیتی برادری کیلئے 20 فلیٹس بھی تعمیر کر رہے ہیں اور سپورٹس کے سرگرمیوں میں جوانوں کو مصروف کیا جائیگا۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کے وژن کے مطابق وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے قبائلی اضلاع کے اقلیتی برادری کیلئے حالیہ بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے 30 کروڑ روپے مقرر کئے ہیں جبکہ مزید 5 کروڑ روپے ویلفیئر پیکج کیلئے مختص کئے ہیں۔اس موقع پر باجوڑ کے اقلیتی برادری نے ایم پی اے ولسن وزیر کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔