چھاتی کے کینسر سے صحت یاب ہونیوالی اداکارہ نادیہ جمیل کو ہیتھروایئرپورٹ پر طیارے سے اتار دیاگیا ، انتہائی افسوسناک تفصیلات
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) معروف اداکارہ نادیہ جمیل چھاتی کے کینسر میں مبتلا رہیں اور خوش قسمتی سے اب مکمل صحت یاب ہو چکی ہیں۔ گزشتہ دنوں ان کے ساتھ لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر ایک انتہائی ناخوشگوار واقعہ پیش آ گیا جہاں برٹش ایئرویز کے عملے نے انہیں اپنی پرواز سے اتار دیا۔ دی نیوز کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کئی ٹویٹس میں نادیہ جمیل نے اپنے ساتھ ہونے والے اس ناروا سلوک کے بارے میں بتایا۔
اداکارہ ان ٹویٹس میں لکھتی ہیں کہ ”میں شام ساڑھے 6بجے ایئرپورٹ پہنچ گئی تھی۔ میں نے ایئرلائنز کے عملے کو اپنی طبیعت کے حوالے سے آگاہ کیا تھا۔ پھر وہ مجھے ایسے کیسے چھوڑ کر جا سکتے ہیں۔ جب وہ مجھے جہاز سے اتار رہے تھے تو میں مسلسل مدد کے لیے پکارتی رہی لیکن سب نے نظر انداز کر دیا۔ “
نادیہ جمیل نے ایک ٹویٹ میں اپنی ایک ویڈیو بھی شامل کی جس میں وہ آبدیدہ ہوتے ہوئے دکھاتی ہیں کہ ”یہ میرا سامان ہے، یہ میری وہیل چیئر ہے جس کے پہیے نہیں ہیں اور میں اسے خود سے نہیں چلا سکتی۔یہاں میری مدد کے لی کوئی اٹینڈنٹ یا کوئی اور فرد نہیں ہے۔ سب مجھے تنہاءچھوڑ کر جا چکے ہیں۔میں کوشش کر رہی ہوں کہ کسی طرح اٹھوں اور اپنا سامان لے کر باہر جاﺅں اور ٹیکسی کراﺅں۔“
معاملے سے آگاہ کرتے ہوئے نادیہ جمیل نے کہا کہ برٹش ایئرویز کے عملے نے مجھ سے ایک دستاویز مانگی تھی۔ میں نے پاکستانی ہائی کمیشن سے وہ دستاویز لے لی اور برٹش ایئرویز کے عملے کو دکھائی مگر انہوں نے کہا کہ میرے پاس جو دستاویز ہے یہ بیکار ہے۔ اب میں دوبارہ پاکستانی ہائی کمیشن جاﺅں گی۔
انہوں نے ایک ٹویٹ میں برٹش ایئرویز کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ”جب وہیل چیئر پر موجود کسی شخص کے پاس درست دستاویزات نہ ہوں تو برائے مہربانی انہیں چار چار گھنٹے انتظار نہ کرائیں اور ان وہیل چیئر پر بیٹھے لوگوں کو بھاری سامان کے ساتھ ایئرپورٹ پر بے یارومددگار مت چھوڑیں۔“ٹوئٹر پر صارفین بھی برٹش ایئرویز کے اس روئیے پر اسے کڑی تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں اور نادیہ جمیل کے ساتھ اظہار یکجہتی کر رہے ہیں۔