آزاد کشمیر انتخابات ،تحریک انصاف کی مقبولیت میں مسلسل اضافہ ، مزید امیدوار تحریک انصاف کے حق میں دستبردار

آزاد کشمیر انتخابات ،تحریک انصاف کی مقبولیت میں مسلسل اضافہ ، مزید امیدوار ...
آزاد کشمیر انتخابات ،تحریک انصاف کی مقبولیت میں مسلسل اضافہ ، مزید امیدوار تحریک انصاف کے حق میں دستبردار

  

مظفر آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)آزاد کشمیر انتخابات کا دن جیسے جیسے قریب آ رہا ہے تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کی مقبولیت میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے،مختلف سیاسی جماعتوں کے مقامی رہنما اور سیاسی ورکرز سردارتنویرالیاس خان کی قیادت پراعتمادکااظہارکرتےہوئے پی ٹی آئی میں شامل جبکہ کئی امیدوار تحریک انصاف کے نامزد امیدواروں کے حق میں دستبردار ہورہے ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق سنی تحریک آزاد کشمیر نے تحریک انصاف کے حق میں ایل اے 13 سے اپنا امیدوار سید مخدوم حسین شاہ بٹھا دیا ،پاکستان سنی تحریک آزاد کشمیر ریجن نے آزاد کشمیر کے ہر حلقے میں تحریک انصاف کا ساتھ دینے کا اعلان کر دیا ۔وفاقی ویر مراد سعید اور وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور سے سنی تحریک آزاد کشمیر کے وفد صدر قاضی سہیل قریشی ، صاحبزادہ کامران علی قادری ، جنرل سیکٹری بلال محمد چشتی اور دیگر نے ملاقات کی ،اپر بیلٹ سے قد آور سیاسی رہنماؤں کی بڑی تعداد مسلم لیگ (ن) پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتوں کو چھوڑ کر تحریک انصاف میں شامل ہوگئی ،شمولیت اختیار کرنے والوں میں کیپٹن ر سلیم اقبال، راجہ عنصر شفیق سابق امیدوار اسمبلی،راجہ وقار نذیر سابق امیدوار اسمبلی،راجہ افتخار افضل ممبر مجلس عاملہ ن لیگ،راجہ فہیم یسین،راجہ خان افسر خان،ممبر مجلس عاملہ پی پی پی راجہ ابرار خان،راجہ ظہیر شریف،راجہ سلیم خان،راجہ انوار خان،راجہ آصف صدیق،راجہ وسیم اشرف راجہ افتخار خان،شہریار پرویز سابق امیدوار اسمبلی،راجہ صیاد،راجہ وحید انور،راجہ آصف ،راجہ افراز،راجہ اشفاق،راجہ نزر مشتاق،راجہ اظہر، سردار الیاس چغتائی، سردار امتیاز چغتائی، سردار عارف چغتائی،حاجی یونس چغتائی، سردار رفیق چغتائی،سردار محمد ابراہیم ایڈووکیٹ،سردار محمد عاشق خان،نمبردار صادق خان، سردارمحمدعزیز خان،محمد بشیر قریشی،محمد جمیل قریشی،سردار عمر مشتاق،سابق صدر مسلم کانفرنس یونین کونسل تھب راجہ محمد اقبال،مرکزی رہنما پیپلز پارٹی راجہ پرویز ،سردار فیضان خان سمیت دیگر سینکڑوں سرگرم سیاسی کارکن شامل ہیں ۔

وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور نے کہاکہ گلگت بلتستان سے بھی بری شکست کا سامنا ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو کرنا پڑے گا ،پیپلز پارٹی کے پوٹینشل امیدوار آٹھ سے کم ہو کر اب چھ پر آگئے ہیں جو الیکشن تک دو تک لے کر آئیں گے ۔ مراد سعید نے کہاکہ انشاءاللہ 25 جولائی کو تحریک انصاف کشمیر سے بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی ،ن لیگ اور پی پی کو الیکشن سے قبل عوام نے مسترد کر دیا ہے، آزاد کشمیر کے غیرت مند عوام نے کشمیر کا بورڈ ہٹانے والوں ، مودی کو نواسی کی شادی پر بلانے والوں، سجن جندال کو بغیر ویزہ سیر کروانے والوں، حریت رہنماؤں سے نہ ملنے والوں کو مسترد کرنے کا فیصلہ کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر نے عالمی سطح پر کشمیر کا مقدمہ لڑنے والے کشمیر کے سفیر اور عالم اسلام کے ترجمان عمران خان کے حق میں فیصلہ کر لیا ہے ،ہمارے چند جلسوں نے مخالفین کی نیندیں اڑا دی ہیں، ابھی تو پاور پلے لینا ہے ،پرچی چیرمین  آزاد کشمیر میں غلط پرچی پڑتے رہے ،کوئی اسے بتا دے انکے امیدوار ہی پورے نہیں ،حادثاتی سیاستدان فرزند زرداری سن لیں کشمیر کو لاڑکانہ بننے نہیں دیں گے

مراد سعید کا کہنا تھا کہ کراچی کچرے کا ڈھیر ، تھر میں بھوک سے تھر تھر کانپتے بچے ، کتوں کے کاٹنے کے واقعات ، غربت میں اضافہ ، دوائیوں اور ڈاکٹروں کی عدم دستیابی ، سکولوں میں طلباءکی جگہ بھینس ، پینشن چوری ، گندم چوری کر کے ابو زرداری کے اکاونٹ بھرنے والو کی نظر ایک دفعہ کشمیر کے خزانے پر ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان نے امریکہ کو اڈے دینے سے انکار اور فرزند زرداری اپنی خدمات پیش کرنے کے لئے امریکہ روانہ ہو رہا ہے ، کشمیر کا مقدمہ خود دار اور غیرت مند عمران خان لڑ سکتا ہے، جعلی اکاونٹس ڈو مور کا حکم بجا لانے والے اور اپنی خدمات کے لئے سی وی پیش کرنے والے نہیں ۔

دوسری طرف سردار تنویر الیاس خان کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف آزاد کشمیر انتخابات میں کامیابی کے بعد کشمیریوں کی توقعات پر پورا اترے گی، ہم اللہ کے فضل و کرم سے کشمیری عوام سے کئے گئے ایک ایک وعدے کو مکمل کریں گے اور اس خطہ زمین کو دنیا کا بہترین مقام بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ٹورزم ،ایگری کلچر ، لائیو سٹاک کی صنعت کو فروغ دے کر بے روزگاری کو ختم کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے تاکہ ایک خوشحال معاشرہ ترقی پا سکے،تحریک انصاف  اقتدار میں آ کر وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق تعمیر و ترقی کا ایک نیا باب شروع کرے گی۔

مزید :

علاقائی -آزاد کشمیر -مظفرآباد -