کامن ویلتھ گیمز میں ہم سب سے کم رینکنگ کی ٹیم ،سب کو حیران کرنے کی کوشش کریں گے،ہیڈ کوچ قومی ہاکی ٹیم

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ سیگفرائیڈ ایکمین کا کہنا ہے کہ کامن ویلتھ گیمز میں ہمارے لیے مشکل ہو گی کیونکہ ہم سب سے کم رینکنگ کی ٹیم ہیں لیکن سب کو حیران کرنے کی کوشش کریں گے۔
نجی ٹی وی "جیو نیوز "کے مطابق ویزہ مسائل کے باعث تاخیر سے کیمپ جوائن کرنے والے قومی ہاکی ہیڈ کوچ کا کہنا تھا مجھے امید ہے کہ کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کے مطابق کھیلیں گے، کامن ویلتھ گیمز میں ہر ٹیم ہمیں ٹف ٹائم دے گی، اسی چیلنج کا ہمیں سامنا ہے لیکن ہم حریف ٹیموں کو چیلنج کریں گے یہی ہماری ذمہ داری ہے، ہم کامن ویلتھ گیمز میں سب کو حیران کرنے کی کوشش کریں گے۔
رپورٹ کے مطابق سیگفرائیڈ ایکمین نے کہا کہ سپورٹس سائنسز کے مطابق کامن ویلتھ گیمز کی تیاری کے لیے میرے پاس وقت کم ہے، میں تاخیر سے کیمپ میں پہنچا ہوں لیکن کھلاڑی ناممکن کو ممکن بنا سکتے ہیں، کوشش ہو گی کہ عید کی چھٹیوں کے بعد جو وقت ملے اس سے فائدہ اٹھائیں ،موسم کے فرق کے اثرات کے بارے میں ہیڈ کوچ نے کہا کہ برمنگھم میں موسم مختلف ہو گا جو کہ ہمارے لیے آئیڈیل نہیں ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ غیر ملکی ٹیمیں جب یہاں آتی ہیں تو انہیں بھی مختلف کنڈیشنز کا سامنا ہوتا ہے، کنڈیشنز کا مختلف ہونا کھیل کا حصہ ہے ہمیں ان کے مطابق خود کو ڈھالنا ہے، ہمیں بس میدان میں اچھا کھیلنا ہے اور اپنا بہترین دینا ہے، موسم کی معذرت پیش نہیں کی جا سکتی، بس ہمیں میدان میں حریف ٹیم کے خلاف اچھا کھیل پیش کرنا ہے۔