قرآن مجید کتابِ ہدایت اور مکمل ضابطہ حیات،کرنل(ر) سلیم ملک
لاہور(پ ر) سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کیخلاف ”یوم تقدیسِ قرآن“ کے موقع پر ایوان کارکنان تحریک پاکستان‘ لاہور کے احاطہ میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرہ کا اہتمام نظریہ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا تھا۔ تحریک پاکستان کے بزرگ کارکن کرنل(ر) محمد سلیم ملک کی زیر قیادت اس مظاہرہ میں سیکرٹری نظریہ پاکستان ٹرسٹ ناہید عمران گل‘ سیکرٹری تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ محمد سیف اللہ چوہدری‘ ڈپٹی سیکرٹری عثمان احمد‘ صدر نظریہ پاکستان فورم ڈاکٹر غزالہ شاہین وائیں‘ عامر کمال صوفی‘ حامد ولید‘ نظریہ پاکستان ٹرسٹ و تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے عہدیداران و کارکنان سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بڑی تعداد میں موجود تھے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کرنل(ر) محمد سلیم ملک نے کہاقرآن مجید کتابِ ہدایت اور مکمل ضابطہ حیات ہے۔ہم سویڈن میں قرآن پاک کی بیحرمتی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ مسلمان حرمتِ قرآن کیلئے جان تک قربان کرنے کو تیار ہیں۔ قرآن پاک کی بے حرمتی میں ملوث شخص کو نشانِ عبرت بنانا چاہیے۔علاوہ ازیں نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے زیر اہتمام ایوان کارکنان تجریک پاکستان میں جاری نظریاتی سمر سکول کے انیسویں روز معروف عالم دین اور مہتمم اعلیٰ جامعہ نعیمیہ لاہور علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ قرآن پاک کی عزت و عظمت کی خاطر ہم اپنی جان تک قربان کرنے کو تیار ہیں۔