رانا جاوید ریلوے کے ڈپٹی ڈائریکٹر پراپرٹی اینڈ لینڈ سکھر ڈویژن تعینات
لاہور(پ ر) پاکستان ریلوے نے بی ایس17کے اسسٹنٹ ٹریک سپلائی آفیسررانا جاوید کو بی ایس18میں ریگولر ترقی دے کر ڈپٹی ڈائریکٹر پراپرٹی اینڈ لینڈسکھر ڈویژن تعینا ت کر دیا ہے۔وزارت ریلوے اسلام آباد اور ریلوے ہیڈ کوارٹرلاہور سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
معروف بزنسمین گوہر اعجاز پی آئی سی میں بھی مہمان خانہ تعمیر کریں گے
لاہور(جنرل رپورٹر)معروف بزنس مین گوہر اعجاز پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں بھی جناح ہسپتال کی طرز پر نئی سرائے (مہمان خانہ) تعمیر کریں گے اور یہ سرائے 120 روز میں مکمل کی جائے گی۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پی آئی سی میں نئی سرائے کی سائٹ کا دورہ کیا اور نئی سرائے کی تعمیر جلد شروع کرنے کیلئے ہدایات دیں۔ محسن نقوی نے کہاسرائے میں تیماردارو ں کے لئے ہر طرح کی بنیادی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ نئی سرائے کو سٹیٹ آف دی آرٹ ہونا چاہیے۔ یہ نیک کام ہے اور اس میں تاخیرنہیں ہونی چاہیے۔
اس موقع پر خصوصی دعا بھی کی گئی۔ صوبائی وزیر صنعت ایس ایم تنویر،معروف بزنس مین گوہر اعجاز،چیف سیکرٹری، انسپکٹرجنرل پولیس، سی سی پی او لاہور، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ،چیئرمین پی آئی سی ڈاکٹرفرقد،پرنسپل پی آئی سی ڈاکٹر احمد نعمان اورڈاکٹر عامر بندیشہ بھی اس موقع پر موجودتھے۔