مسلم لیگ (ن) نے انتخابی نشان شیر کیلئے الیکشن کمیشن کو درخواست دے دی
اسلام آباد(این این آئی)درخواست میں الیکشن کمیشن سے آئندہ عام انتخابات میں پارٹی کو شیر کا نشان الاٹ کرنے کیلئے درخواست جمع کرائی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن نے یکم جولائی 2023ء کو اپنی جاری کردہ پریس ریلیز میں تمام سیاسی جماعتوں سے آئندہ آنے والے عام انتخابات کیلئے انتخابی نشانات الاٹ کرنے کیلئے درخواستیں طلب کیں تھیں۔درخواست بروز جمعہ 7جولائی 2023ء کو پارٹی صدرمحمد شہبازشریف کے دستخطوں کے ساتھ پارٹی کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل ڈاکٹر مہر لیاقت اور آفس سیکرٹری سجاد حسین نے الیکشن کمیشن افس اسلام آباد میں جمع کرادی ہے۔اس موقع پر ڈاکٹر مہر لیاقت نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے قائد میاں نوازشریف اور صدر میاں شہبازشریف کی قیادت میں پوری طرح متحد ہے اور ہم بھرپور تیاری کے ساتھ انتخابی میدان میں اتریں گے اور انشاء اللہ ایک تاریخی کامیابی حاصل کریں گے۔انہوں نے کہاکہ احتساب عدالت کاقائد نوازشریف کے حق میں فیصلہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ان کے خلاف بنائے جانے والے تمام مقدمات من گھڑت اور سیاسی انتقام پرمبنی تھے،دیگر مقدمات میں بھی انشاء سرخروہو کر بہت جلد ہمارے درمیان موجودہونگے۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم میاں شہبازشریف،وزیرخزانہ اسحق ڈار نے مختصر وقت میں انتہائی سخت محنت اور کوششوں سے ملک کو نہ صرف ڈیفالٹ ہونے سے بچایابلکہ معیشت کی بہتری کیلئے انتھک کوششیں کررہے ہیں،مسلم لیگ(ن) آئندہ انتخابات میں عوام کی طاقت سے کامیابی کے بعد ملکی معیشت کونہ صرف مضبوط کرے گی بلکہ پاکستان دنیا بھر میں ایک مضبوط معاشی ملک کے طورپر ابھرے گا۔
انتخابی نشان