جج کو اپنے رشتوں ، خواہشات اور وقت کی قربانی دینا ہوتی ہے : چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ 

جج کو اپنے رشتوں ، خواہشات اور وقت کی قربانی دینا ہوتی ہے : چیف جسٹس لاہور ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(نامہ نگار خصوصی )چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مسٹر جسٹس محمد امیر بھٹی نے کہا ہے کہ جج کا منصب اپنے رشتوں، خواہشات اور وقت کی قربانی کا متقاضی ہے۔عدالتی فیصلے آخرت میں ہماری جزا و سزا کا محور ہوں گے۔وہ گزشتہ روزپنجاب کی ضلعی عدلیہ میں بھرتی ہونے والے 20 ایڈیشنل سیشن اور 26 سول ججوں کی تقریب حلف برداری سے خطاب کر رہے تھے۔چیف جسٹس محمد امیر بھٹی نے مزید کہا کہ تمام جوڈیشل افسران مبارکباد کے مستحق ہیں جو آج عدلیہ کا حصہ بنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج نئے جوڈیشل افسران نے اپنے فرائض منصبی کا حلف اٹھایا ہے۔ یہ حلف نامہ جج اور اللہ تعالیٰ کے درمیان ایک خاص رابطہ قائم کرتا ہے، یہ حلف نہ صرف جج بلکہ اسکے گھر والوں اور عزیزواقارب پر بھی لاگو ہوتا ہے۔ کسی جج کے عزیزواقارب اسے حدود سے تجاوز کرنے کی ترغیب دیتے ہیں تو انہیں سیدھے انداز میں انکار کریں تاکہ انہیں اندازہ ہو کہ انہیں آپ کے عدالتی معاملات میں مداخلت کا کسی بھی قسم کا اختیار نہیں ہے۔ فاضل چیف جسٹس نے کہا کہ جج کے منصب پر فائز ہر شخص کو اپنے رشتوں، خواہشات اور وقت کی قربانی دینا ہوتی ہے ، لیکن یہ منصب اللہ تبارک و تعالیٰ کی جانب سے ایک انعام ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ لوگوں نے موجودہ تنخواہ، پیکج کے ساتھ اس عہدے کو قبول کیا ہے، کل اگر کوئی یہ کہے کہ تنخواہ کم ہے تو اسکا کوئی جواز نہیں بنتا۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ہم خوش قسمت لوگ ہیں کہ ہمیں اللہ تبارک وتعالیٰ نے اس اہم منصب کے لئے چنا ہے، جو براہ راست ہمیں اللہ تعالیٰ سے جوڑ دیتا ہے، اس منصب پر بیٹھا ہر شخص ہر وقت اللہ تعالیٰ کا خوف محسوس کرتا ہے۔ فاضل چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ججز بغیر کسی دنیاوی خوف و خطر کے میرٹ پر انصاف کریں۔ ہم اپنے ہر فیصلے پر اللہ تعالیٰ کے سامنے جوابدہ ہیں، ہمارے بہترین فیصلوں سے اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل ہوتی ہے اور اسکا اجر ہمیشہ ہمارے شاملِ حال رہتا ہے۔ اللہ تبارک و تعالیٰ پر مکمل بھروسہ اور توکل ایک جج کا نصب العین ہونا چاہیے۔ روزِ محشر پر ایمان رکھنے والا کوئی بھی جج غلط فیصلہ نہیں کر سکتا، کیونکہ ہمارا ایمان ہے کہ بروزِ محشر ہر جج اپنے فیصلوں کے ساتھ اللہ تبارک و تعالیٰ کے حضور پیش ہوگا، ہمارے نبی مکرم ? ہمارے فیصلوں کی بدولت ہی ہماری شفاعت فرمائیں گے اورہمارے عدالتی فیصلے آخرت میں ہماری جزا و سزا کا محور ہوں گے۔اس سے قبل رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ عرفان احمد سعید نے نئے بھرتی ہونے والے جوڈیشل افسران سے حلف لیا۔حلف برداری تقریب میں ڈی جی ڈسٹرکٹ جوڈیشری امیر محمد خان، سیشن جج ہیومن ریسورس چودھری عبدالرشید عابد، ڈی جی پنجاب جوڈیشل اکیڈمی چودھری اشتر عباس اور حلف اٹھانے والے ججز کے عزیزواقارب بھی موجود تھے۔
چیف جسٹس

مزید :

صفحہ آخر -