تندور پر کام کرنیوالے کی محنت رنگ لائی، آج سرکاری کالج میں بطور لیکچرار تعینات ہیں، وزیراعظم شہباز شریف نے ان کے بارے کیا کہا؟

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) تندور پر کام کرنیوالے محسن نے سخت محنت کرتے ہوئے بی اے پاس کیا تو قسمت نے مزید ساتھ دیا، آج سرکاری کالج میں بطور لیکچرار تعینات اور بھرپور زندگی گزار رہےہیں۔
نجی ٹی وی آج نیوز کے مطابق ایک وقت تھا محسن نامی نوجوان تندور پر روٹیاں لگاتے ہوئے سخت گرمی کی پرواہ نہ کرتے ہوئے پڑھائی کیا کرتا تھا، بی اے کا امتحان دیا تو 800 میں سے 688 نمبر لے کر ریکارڈ بنایا اور پنجاب یونیورسٹی نے 5 گولڈ میڈلز دیئے۔ محسن کو اس وقت کے وزیراعلیٰ شہباز شریف نے 10 لاکھ روپے کا انعام دیا۔
تعلیم جاری رکھی اور پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے انگلش کیا، آج لاہور کے ایم اے او کالج میں لیکچرار ہیں۔ گزشتہ روز لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف نے لیکچرار محسن کو بلا کر کہا کہ مجھے آپ جیسے نوجوانوں پر فخر ہے، اسی جذبے سے مزید آگے بڑھیں، آپ کو ترقی کرتے دیکھنا چاہتا ہوں۔