امریکہ میں جعلی ہائی جیکر نے ایک پرواز میں کھلبلی مچا دی

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکہ میں ایک جعلی ہائی جیکر نے ایک پرواز میں کھلبلی مچا دی۔ میل آن لائن کے مطابق ملزم کی شناخت برینڈن ایل سکاٹ کے نام سے ہوئی ہے جو الاسکا ایئرلائنز کی ایک پرواز میں سوار تھا جو سیٹل جا رہی تھی۔ اس شخص نے دھمکی دی کہ اگر پرواز سیٹل میں لینڈ ہوئی تو وہ اس میں سوار تمام لوگوں کو موت کے گھاٹ اتار ڈالے گا۔ اس نے بتایا کہ جہاز میں بم ہے اور وہ دھماکے سے جہاز کو اڑا دے گا۔
رپورٹ کے مطابق شراب کے نشے میں دھت اس شخص نے ایک نوٹ ایئرہوسٹس کو تھمایا جس پر مذکورہ دھمکی لکھی ہوئی تھی۔ اس دھمکی کے بعد ہوائی جہاز کا رخ موڑ کر ریاست واشنگٹن کے شہر سپوکن کی طرف کر دیا گیا۔ جہاں پرواز کے لینڈ ہوتے ہی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
ملزم نے دوران تفتیش بتایا کہ سیٹل میں ایک گینگ کے کارندے اس کے منتظر تھے جو اسے پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنانا چاہتے تھے۔ ان سے بچنے کے لیے اس نے یہ حرکت کی۔ پولیس نے ملزم کو عدالت میں پیش کر دیا ہے جہاں سے اسے 5سال تک قید اور اڑھائی لاکھ ڈالر تک جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے۔