ٹنڈولکر کو دہلی میں خو بصو رت گھر کی پیشکش
نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی نامور کرکٹر سچن ٹنڈولکر کو پارلیمنٹ کے رکن کی حیثیت سے نیا عہدہ ملنے پر مراعات کے طور پر نئی دہلی کے مرکز میں مفت پانچ بیڈروم کے گھر کی پیشکش کی گئی ہے۔ ٹنڈولکر نے جو پہلے ہی کھیلوں میں کامیابی اور پرتعیش سپانسرشپ سمجھوتوں کے نتیجے میں کروڑ پتی بن چکے ہیں اس ہفتے کے اوائل میں ایوان بالا کے رکن کی حیثیت سے حلف اٹھایا اور بھارت کی عام زندگی میں اہم شخصیات کے لئے مخصوص ایک نشست حاصل کی۔ پریس ٹرسٹ آف انڈیا نے بتایا کہ انہیں دارالحکومت کی ایک شاندار گلی میں بڑے بڑے لان والے نو آبادیاتی دور کے بنگلے کی پیشکش کی گئی ہے اور انہیں چوبیس گھنٹے سکیورٹی اور دو گاڑیوں پر مشتمل حفاظتی دستہ بھی دیا جائے گا۔ انہیں ایک بنگلہ الاٹ کیا گیا ہے جو زیادہ تر وزراء اور سینئر ارکان پارلیمنٹ کو الاٹ کیا جاتا ہے تاہم انہوں نے کہا کہ ابھی یہ بات واضح نہیں کہ ٹنڈولکر یہ مفت کی رہائش گاہ قبول کریں گے یا نہیں۔