طالبان کا افغان ضلع یمگان پر قبضہ،12 فوجیوں سمیت18 ہلاک
کابل (ویب ڈیسک)طالبان نے شمال مشرقی صوبے بدخشاں کے ضلع یمگان پر قبضہ کرلیا ہے۔ بدخشاں کے گورنر شاہ ولی ادیب نے میڈیا کو بتایا کہ طالبان ایک ہفتے سے اس ضلع پر حملے کر رہے تھے۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے ہوائی امداد کی اپیل کی ہے۔ افغان فورسز کو اب بھی امریکہ اور نیٹو افواج کی ہوائی امداد حاصل ہے لیکن غیر ملکی افواج اب زمینی جنگ میں افغان فوج کے ساتھ نہیں ہے۔
افغان میڈیا کے مطابق لڑائی میں 12 افغان فوجی مارے گئے ہیں۔ ایک اور سرکاری عہدیدار کے مطابق طالبان نے تین پولیس افسروں کو یرغمال بھی بنالیاہے۔طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے بھی ضلع یمگان پر کنٹرول کا دعویٰ کیا ہے ، ترجمان نے کہا کہ طالبان نے بہت سے افغان فوجیوں کو ہلاک بھی کیا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ بہت سا اسلحہ بھی قبضے میں لے لیاگیاہے۔ایک دوسرے واقعہ میں افغان صوبے ارزگان میں سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے 6 عام شہری جاں بحق ہوگئے۔ترنکوٹ کی شاہراہ سے گزرتے ہوئے گاڑی بم سے ٹکرا گئی۔