ویمنز ورلڈ کپ، افتتاحی روز کینیڈا اور ہالینڈ نے میچز جیت لئے

ویمنز ورلڈ کپ، افتتاحی روز کینیڈا اور ہالینڈ نے میچز جیت لئے

ایڈمونٹن( نیٹ نیوز) فیفا کے زیر اہتمام ویمنز ورلڈ کپ کا آغاز کینیڈا میں ہو گیا ہے، میگا ایونٹ کے افتتاحی روز میزبان کینیڈا نے چین اور ہالینڈ نے نیوزی لینڈ کو شکست دے کر ٹورنامنٹ میں فاتحانہ آغاز کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق ساتواں خواتین فٹ بال ورلڈ کپ کینیڈا میں شروع ہوگیا ہے، افتتاحی روز دو میچ کھیلے گئے۔ کامن ویلتھ سٹیڈیم، ایڈمونٹن میں کھیلے گئے پہلے میچ میں میزبان ٹیم کینیڈا نے چین کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد 1-0 سے ہرا دیا۔ فاتح ٹیم کی طرف سے واحد اور فیصلہ کن گول سنکلیئر نے میچ کے آخری لمحات میں پنلٹی پر کیا۔ اسی میدان پر کھیلے گئے دوسرے میچ میں ہالینڈ نے نیوزی لینڈ کو دلچسپ مقابلے کے بعد 1-0 سے شکست دی، ہالینڈ نے 33 ویں منٹ میں مارٹینز کے گول کے ذریعے برتری حاصل کی جو آخر تک قائم رہی۔ واضح رہے کہ ٹورنامنٹ میں دنیا کی بہترین 24 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جنہیں چھ گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ جاپان کی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کر رہی ہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی