اہل حدیث یوتھ فورس کابرما کے مسلمانوں پر شرمناک مظالم کے خلاف احتجاج

اہل حدیث یوتھ فورس کابرما کے مسلمانوں پر شرمناک مظالم کے خلاف احتجاج

لاہور )پ ر( اہل حدیث یوتھ فورس لاہور کے زیر اہتمام لاہور پریس کلب کے سامنے اور بتی چوک لاہور میں بھی برما کے مسلمانوں پر ہونے والے شرمناک مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین نے تنظیمی کتبے‘ بینرز اٹھائے ہوئے تھے۔ مسلم حکمرانوں کی بے حسی اور برمی جارحیت کے خلاف شدید نعرہ بازی۔ احتجاجی کے دوران کارکنوں نے ٹائر جلا کر روڈ بلاک کر دیا۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ برما کے ساتھ سفارتی تعلقات ختم کیے جائیں‘ عالمی سطح پر مسلمانوں کے حقوق تسلیم کرنے کے لیے آواز اٹھائی جائے۔ اور مظلوم برمی مسلمانوں کی مدد کے لیے صائب اقدام کیا جائے۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے اہل حدیث یوتھ فورس پاکستان کے صدر حافظ ذاکر الرحمان صدیقی نے کہا کہ برما کے بدھسٹ وہاں کے روہنگیا مسلمانوں پر انتہائی اذیت ناک اور انسانیت کو شرما دینے والے مظالم ڈھا رہے ہیں۔ مسلمان حکمران کی برما کے دہشت گرد بدھوں اور وہاں کی دہشت گرد فوج کی جارحیت پر خاموشی قابل افسوس ہے، دنیا کے 57 مسلم ممالک کے حکمرانوں کو سانپ سونگھ گیا ہے ، یورپ کے انسانی حقوق کے دعویدار کہاں ہیں انہیں برما کے مظلوم مسلمان دکھائی کیوں نہیں دے رہے۔

۔

طالبان کے دہشت گردی کو ختم کرنے کے بہانے افغانستان کو آگ و خون میں نہلانے والے اب خاموش کیوں ہیں؟ اہل حدیث یوتھ فورس پاکستان کے ناظم تبلیغ حافظ نعیم الرحمن شیخوپوری نے مسلم حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ مسلم امہ کے دفاع اور مسلمانوں کے تحفظ کے لیے نیٹو کی طرز پر سریع الحرکت فوج فی الفور تشکیل دی جائے، تا کہ دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کی مدد کی جا سکے، امت مسلمہ کے بے حس حکمران بیدار ہو جائیں ورنہ تاریخ انہیں معاف نہیں کرئے گی، مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ فیصل افضل شیخ نے کہا کہ برما کے مسلمانوں پر ہونے والے بد ترین مظالم سے انسانیت کا سر شرم سے جھک گیا ہے، مسلمانوں کو جس بے دردی سے شہید کیا جا رہا ہے یہ تاریخ کا سیاہ باب ہے، مسلمان ممالک اتحاد کا مظاہرہ کریں، انہوں نے اعلان کیا کہ اہل حدیث یوتھ فورس ’’ جاگ مسلم جاگ‘‘ تحریک کا آغاز کر رہی ہے جس کے تحت امت کی بیداری کے لیے تمام مسلم حکمرانوں کو خطوط ارسال کیے جائیں گے جن کے ذریعے مسلم حکمرانوں سے مطالبہ کیا جائے گا کہ وہ امت کے مسائل کے حل اور دنیا بھر کے مظلوم ومقہور مسلمانوں کی مدد خصوصا برما کے مسلمانوں کی نصرت و حمایت کے لیے بیداری کا ثبوت دیں اور امت کے دفاع کے لیے مشترکہ فوج تشکیل دیں۔مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے اہل حدیث یوتھ فورس لاہور کے صدر حافظ ارشد عمران ظہیر نے کہا کہ پاکستان کے حکمرانوں نے برما کے مسلمانوں کے لیے ہمدردی کا ایک کلمہ بھی کہنا گوارہ نہیں کیا، یہ بے حسی کی انتہا ہے، جنرل سیکرٹری عامر عبداللہ نے بنگلہ دیش کی وزیر اعظم کی طرف سے برما کے مظلوم مسلمانوں کے خلاف ہرزہ سرائی کی مذمت کرتے ہوئے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا ، ان کا کہنا تھا کہ خود بنگلہ دیش بے گنا ہ مسلمانوں پر شرمناک مظالم میں ملوث ہے۔ مظاہرے سے نعمت اللہ ظفر، مولانا عطا الرحمان حقانی، حافظ عبیدالرحمن ایڈووکیٹ‘ و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

مزید : میٹروپولیٹن 4