بلاول بھٹو کی آمد سے پارٹی کارکنوں میں نیا جذبہ جنم لے گا ،منظور وٹو

بلاول بھٹو کی آمد سے پارٹی کارکنوں میں نیا جذبہ جنم لے گا ،منظور وٹو

لاہور(خبر نگار خصوصی) پیپلز پارٹی سنٹرل پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے کہا ہے کہ بھاشا ڈیم اور داسو ڈیم حکومتی ترجیحات میں شامل نہیں کیونکہ حالیہ بجٹ میں مذکورہ منصوبوں کیلئے مختص فنڈز ناکافی ہیں جبکہ یہ دونوں منصوبے زرعی اور صنعتی ترقی کیلئے انتہائی ناگزیر ہیں لہٰذا میٹروٹرین کے 162 ارب روپے بھاشا ڈیم اور داسو ڈیم کے لیے مختص کر دےئے جائیں ۔راجہ عامر خان کی رہائشگاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے منظور احمد وٹو نے کہا کہ پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کوچےئرمین بلاول بھٹو زرداری کی لاہور آمد کا بے تابی سے انتظار ہے جبکہ پارٹی چےئرمین کی لاہور آمد سے ناصرف کارکنوں میں ایک نیا جذبہ جنم لے گا بلکہ آئندہ ہونے والے مقامی حکومتوں کے انتخابات میں پیپلزپارٹی کے امیدوار اچھے نتائج دیں گے۔ایک سوال کے جواب میں میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ خیبرپختونخواہ میں مقامی حکومتوں کے انتخابات کو صاف، شفاف اور غیر جانبدار کروانا الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ذمہ داری تھی کیونکہ جب الیکشن شیڈول کا اعلان ہو جاتا ہے تو پھر سرکاری مشینری کے اختیارات الیکشن کمیشن کے پاس چلے جاتے ہیں۔ ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئندہ پنجاب میں ہونیوالے مقامی حکومتوں کے انتخابات میں پیپلز پارٹی کئی اضلاع میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گی۔

منظور وٹو

مزید : صفحہ آخر