پنجاب سول سیکرٹریٹ کوآرڈینیشن کونسل کا ہنگامی اجلاس آج طلب

پنجاب سول سیکرٹریٹ کوآرڈینیشن کونسل کا ہنگامی اجلاس آج طلب

لاہور (خبر نگار خصوصی) آل پاکستان سیکرٹریٹ ایمپلائز کوارڈینیشن کونسل اسلام آباد کے فیصلے کی روشنی میں پنجاب سول سیکرٹریٹ کوارڈینیشن کونسل کا آج ہنگامی اجلاس طلب، بجٹ بارے لائحہ عمل اختیار کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق آل پاکستان سیکرٹریٹ ایمپلائز کوارڈینیشن کونسل اسلام آباد کے متفقہ فیصلہ کی روشنی میں پنجاب سول سیکرٹریٹ ایمپلائز کوارڈنیشن کونسل کا آج ہنگامی اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔ جس میں وفاقی بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 7.50فیصد اضافے کے فیصلے پر لائحہ عمل اختیار کیا جا ئے گا۔ آ ل پاکستان سیکرٹریٹ ایمپلائز کوارڈینیشن کونسل سمیت چاروں صوبوں ، آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان سیکرٹریٹس کی نمائندہ تنظیموں نے موجودہ7.50فیصد اضافہ پر انتہائی مایوسی کا اظہار کرتے ہو ئے اسے مسترد کر دیا ہے اور اس پر متفقہ موقف اختیار کرتے ہو ئے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت اپنے فیصلہ پر فی الفور نظر ثانی کر کے موجودہ مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں میں اضافہ کرے ورنہ ملازمین اپنا احتجاجی پروگرام مرتب کر کے اس بجٹ کے خلاف اپنا بھرپور صدائے احتجاج بلند کریں گے۔یہ بجٹ سرکاری ملازمین کے ساتھ سنگین مذاق اور وزیر خزانہ کا گورکھ دھندہ ہے جس کو اب ملازمین قبول نہیں کریں گے۔ ملازمین کے لئے خزانہ خالی ، سرمایہ داروں اور جاگیرداروں کیلئے بھرا ہوا ہے۔ یہ امتیازی سلوک کسی صورت قبول نہیں مزید فیصلے آج کے ہنگامی اجلاس میں کئے جائیں گے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1