روہنگیا کے معتوب مسلمانوں کاواحدگناہ اسلام ہے ،محمدناصراقبال

روہنگیا کے معتوب مسلمانوں کاواحدگناہ اسلام ہے ،محمدناصراقبال

لاہور (خبر نگار خصوصی)ہیومن رائٹس موومنٹ کے مرکزی صدرمحمدناصراقبال خان ،سیکرٹری جنرل محمد رضا ایڈووکیٹ، سینئر نائب صدورفاروق چوہان،میاں زاہدلطیف ، تنویر خان،صدرمدینہ منورہ سرفرازخان نیازی ،صدرپنجاب یونس ملک، صدرفیصل آباد ندیم مصطفی،صدرشیخوپورہ عمران حیدر اورصدرقصوراویس علی نے کہا ہے کہ روہنگیا کے معتوب مسلمانوں کاواحدگناہ اسلام ہے۔ان کی ریاستی سطح پر نسل کشی کے باوجودعالمی ضمیر کی خاموشی نے بہت مایوس کیا ۔ روہنگیا کے ستم زدہ مسلمانوں کی بے بسی قابل رحم جبکہ ترکی کے سوامسلمان حکمرانوں کی مجرمانہ بے حسی شرمناک ہے۔مسلما ن حکمران روزمحشراللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں کیا جواب دیں گے ۔ روہنگیامیں مسلمانوں کا بہیمانہ قتل عام دیکھتے ہوئے دہشت گردی اوربربریت کامفہوم سمجھناآسان ہوجاتا ہے ۔وہ ایک اجلا س سے خطاب کررہے تھے ۔محمدناصراقبال خان نے مزید کہا کہ اسلام، انسانیت اورانسانی حقوق بارے امریکہ ،برطانیہ اوریورپ کا ڈبل سٹینڈرڈ کسی سے پوشیدہ نہیں رہا۔ ایٹمی پاکستان کے حکمران بھی سورہے ہیں ، میڈیااورسوشل میڈیامیں صدائیں اورآہیں بلندہونے کے بعد وزیراعظم پاکستان کی طرف روہنگیاکے مسلمانوں کی امدادکیلئے کمیٹی کاقیام ایک بھونڈامذاق ہے ۔ترکی کے سواسبھی مسلم حکمرانوں کے ضمیرمردہ ہیں،ورنہ روہنگیا میں مسلمانوں کے وحشیانہ قتل عام پران کاخون ضرورجوش مارتا ۔انہوں نے کہا کہ اگرنام نہاداقوام متحدہ کے پلیٹ فارم سے پاکستان کے فوجی دنیا کے مختلف ملکوں میں کفار کی مددکیلئے جاسکتے ہیں تو روہنگیا کے بے سہارا مسلمانوں کی عزت اورزندگی بچانے کیلئے کیوں نہیں جاسکتے ۔ ایٹمی پاکستان کے بزدل اورمصلحت پسندحکمران روہنگیا کے مسلمانوں کی امدادکیلئے کمیٹی بناکرپاکستانیوں کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونک سکتے،برادرملک ترکی کاروہنگیامیں اپنے فوجی بھجواناقابل تقلیداورقابل توصیف ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر امریکہ اوربرطانیہ سمیت یورپ میں مقیم پاکستان کے لوگ اپنے اپنے سیاسی ایشوز کیلئے ان ملکوں میں پرامن احتجاجی مظاہرے کرسکتے ہیں تو روہنگیا کے مسلمانوں کی مجرمانہ نسل کشی کیخلاف یواین آفس جبکہ اپنے اپنے ملک کی پارلیمنٹ کے باہر پرامن احتجاجی مظاہرے کیوں نہیں کرسکتے ۔ اگرمسلم حکمران بیداراوراسلام دشمن قوتوں کیخلاف متحدنہ ہوئے تو ہمیں باری باری مار پڑے گی۔انہوں نے کہا کہ جانوروں کے حقوق کاشورمچانے والے مغربی ملکوں نے کبھی روہنگیا،فلسطین اور کشمیر میں مسلمانوں کو بے رحمی سے قتل کرنے پراحتجاج تک نہیں کیا ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1