مسجد اقصیٰ کیخلاف سازش تمام مقدسات پر حملہ تصور ہو گا، الشیخ اسماعیل نواہضہ

مسجد اقصیٰ کیخلاف سازش تمام مقدسات پر حملہ تصور ہو گا، الشیخ اسماعیل نواہضہ

مقبوضہ بیت المقدس (این این آئی) مسجد اقصیٰ کے امام و خطیب اور ممتاز فلسطینی عالم دین الشیخ اسماعیل نواہضہ نے کہا ہے کہ ناپاک صہیونی عناصرکے ہاتھوں قبلہ اول کیخلاف کوئی بھی سازش عالم اسلام کے تمام مقدس مقامات پرحملہ تصور ہوگی۔اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قبلہ اول کا دفاع اور اس کا ہرممکن تحفظ پوری مسلم امہ کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ مسلمانوں کو اپنے اسلاف کے نقش قدم پر چلتے ہوئے مسجد اقصیٰ کے خلاف دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ میں بیت المقدس کی شناخت ایک ایسے اسلامی شہرکے طورپر کی جاتی ہے جو دنیا بھرمیں حق اور انصاف کی علامت تھا۔الشیخ نواہضہ نے فلسطینی عوام کیساتھ پوری مسلم امہ پر زور دیا کہ وہ باہمی اختلافات اور جھگڑوں کو بھلا کر قبلہ اول کی حفاظت کیلئے ایک صف میں کھڑے ہوجائیں جب تک مسلمان آپس میں ایک دوسرے کی گردنیں مارتے رہیں گے۔

ہمارا مشترکہ دشمن قبلہ اول ،دیگر مقدس اسلامی مقامات کیخلاف سازشوں کے تانے بانے تیار کرتا رہیگا۔انہوں نے کہا کہ جس دن تمام مسلمانوں نے اپنی صفوں میں اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کیا وہ قبلہ اول کی آزادی کا دن ہوگا کیونکہ دشمن مسلمانوں کے باہمی انتشار اور افتراق سے فائدہ اٹھاتے ہوئے قبلہ اول کے خلاف سازشیں کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کے طاقت کے وسائل ایک دوسرے کے قتل پرنہیں بلکہ باہمی اتحاد پرصرف ہونے چاہئیں۔ محض نعروں سے کام نہیں بنتا۔ مسلم امہ کو حقیقی معنوں میں فلسطین اور مسجد اقصیٰ کی پنجہ یہود سے آزادی کیلئے جدو جہد کرنا ہوگی۔

مزید : عالمی منظر