کاہنہ ،ڈاکوؤں نے مزاحمت پر کانسٹیبل کو گولیاں مار کر شدید زخمی کر دیا ،ایک ڈاکو گرفتار

کاہنہ ،ڈاکوؤں نے مزاحمت پر کانسٹیبل کو گولیاں مار کر شدید زخمی کر دیا ،ایک ...

لاہور(کرائم سیل) کاہنہ کے علاقہ میں ڈاکوؤں نے مزاحمت پرکانسٹیبل کو گردن اور سینے میں 3گولیاں مار کر شدید زخمی کر دیا ، فائرنگ کی آواز سن کر مقامی گاؤں کے لوگوں نے موقع پر پہنچ کر فرار ہوتے ہوئے ڈاکوؤں کے ایک ساتھی کو پکڑ لیا اور تشدد کا نشانہ بنا کر پولیس کے حوالے کر دیاجبکہ زخمی کی ہسپتال میں حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ذرائع کے مطابق کاہنہ کے علاقہ بلے والہ کا رہائشی ایک بیٹے کا باپ ایلیٹ فورس کانسٹیبل عبدالرزاق اپنے ساتھی عابد کے ہمراہ سول کپڑوں میں اپنے گھر سے ڈیوٹی پر جانے کے لئے نکلا تھا کہ شہزادہ گاؤں کے قریب دو ڈاکوؤں نے انہیں روک کر لوٹنا چاہا اور مزاحمت پر ان پر فائرنگ کر دی، عبدالرزاق کو سینے اور گردن میں تین گولیاں لگیں جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا جبکہ عابد معجزانہ طور پر محفوظ رہا، فائرنگ کی آوز سن کر مقامی گاؤں کے لوگوں کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ گئی۔ اس دوران ڈاکووءں نے بھاگنے کی کوشش کی تو لوگوں نے انہیں گھیرے میں لے لیااور ایک ڈاکو کو پکڑ کر کمرے میں بند کر دیا جبکہ دوسرا موقع سے فرار ہو گیا۔اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور ڈاکو کو تھانے میں منتقل کر دیا ،آخری اطلاع تک کانسٹیبل عبدالرزاق کو مصنوعی تنفس کے ذریعے زندہ رکھنے کی کوشش کی جا رہی تھی۔ ڈاکٹروں کے مطابق 2گولیاں گردن کو پار کر کے نکل گئیں جبکہ ایک گولی پسلیوں میں لگی ہے جسے نکالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

مزید : علاقائی