مختلف مقامات پر ون ویلنگ کے مظاہرے ،موٹر سائیکل ریس پر لاکھوں کا جوا ،11نوجوان گرفتار

مختلف مقامات پر ون ویلنگ کے مظاہرے ،موٹر سائیکل ریس پر لاکھوں کا جوا ...

 لاہور ( کرائم سیل ) ٹریفک پولیس افسران کے بلند و بانگ دعووں کے باوجود شہر کے مختلف مقامات پر جان لیوا کھیل ون ویلنگ،اور موٹر سائیکل ریس ہوتی رہی جبکہ بعض جگہوں پر ون ویلنگ اور موٹر سائیکل ریس کے دوران کئی نوجوان حادثات کا شکار بھی ہوئے ا ،البتہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 11نوجوانوں کو حراست میں لے لیا۔بتایا جاتا ہے کہ گلبرگ،غالب مارکیٹ ،کینال ویو،جیل روڈ ، وحدت روڈ اور دیگر جگہوں پر منچلے ٹولیوں کی شکل میں اکھٹے ہوگئے ،تین کلو میٹر کی موٹر سائیکل ریس پر لاکھوں روپے کا جوا کھیلا گیا، جیل روڈ پر موٹر سائیکل ریس کے دوران دو موٹر سائیکلیں آپس میں ٹکرا گئیں جس سے دس نوجوان زخمی ہوئے ۔غالب مارکیٹ اورجوہر ٹاؤن کے علاقوں میں ون ویلنگ اور موٹر سائیکل کرتب کرتے ہوئے دس نوجوان گرکر شدید زخمی ہوئے جنہیں امدادی ٹیموں نے سروسز ہسپتال میں پہنچا دیا۔ ٹریفک پولیس ون ویلنگ اور موٹر سائیکل ریس لگانے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کی بجائے شہریوں کے چالان کرتی رہی۔ بعض مقامات مال روڈ ،جیل روڈ ،ریس کورس پارک ،گلشن اقبال پارک ، کینال ویو پر ون ویلنگ کرنے والے منچلوں نے ہلڑ بازی جاری رکھی۔ اس سلسلہ میں پولیس نے بتایا کہ ون ویلنگ اور موٹر سائیکل ریس لگانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، 11 ون ویلروں کو حراست میں لے کر ان کے خلاف مقدمات درج کئے گئے جبکہ درجنوں موٹر سائیکلیں تھانوں میں بند بھی کی گئی ہیں۔

مزید : علاقائی