راوالپنڈی اسلام آباد میٹرو منصوبے کا نام پاکستان میٹر و بس پراجیکٹ رکھ دیا گیا

راوالپنڈی اسلام آباد میٹرو منصوبے کا نام پاکستان میٹر و بس پراجیکٹ رکھ دیا ...

اسلام آباد ( آئی این پی ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے راولپنڈی۔اسلام آباد میٹرو بس منصوبے کا نام ’’پاکستان میٹرو بس پراجیکٹ‘‘ رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عظیم الشان منصوبہ پورے پاکستان کا ہے اور 18 کروڑ عوام اس کے مالک ہیں، لہٰذا اس کا منصوبے کا نام آج سے پاکستان میٹرو بس پراجیکٹ ہوگا۔پاکستان میٹرو بس پراجیکٹ نے راولپنڈی اسلام آباد کو حقیقی معنوں میں جڑواں شہر بنا دیا ہے۔ ایک دن میں سوالاکھ مسافروں نے میٹرو بسوں کے ذریعے سفر کیا ہے جو اس شاندار عوامی منصوبے کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ بلاشبہ میٹرو منصوبے کی شاہکار تعمیر اپنے وجود کی خود شہادت دے رہی ہے۔ منصوبے کے اچانک دورے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے باتیں کرتے ہوئے انہوں نے منصوبے کے فیڈر روٹس پر نئی بسیں چلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو میٹرو سٹیشنز تک لانے کیلئے فیڈر سروس 3 ماہ میں شروع ہو جائے گی اور اس ضمن میں کوئی اضافی کرایہ وصول نہیں کیا جائے گا جبکہ فیڈر بس سروس کا کرایہ میٹرو کے کرائے میں شامل ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کے رش کے باعث میٹرو بس سٹیشنوں پر ٹکٹ کاؤنٹرز بڑھانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ پاکستان میٹرو بس منصوبے سے اشرافیہ کٹ کر رہ گئی ہے اور عوام جڑ گئے ہیں ۔اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید، چیئرمین عملدرآمد کمیٹی میٹرو بس پراجیکٹ حنیف عباسی، اراکین اسمبلی، چیئرمین لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی خواجہ احمد حسان، ایم ڈی پنجاب میٹرو بس اتھارٹی، پراجیکٹ ڈائریکٹر پاکستان میٹرو بس و کمشنر راولپنڈی ڈویژن زاہد سعید اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میٹرو بس پراجیکٹ محنت، دیانت، امانت، اعلیٰ معیار اور شفافیت کا شاہکار ہے اور بلاشبہ اس منصوبے کا موازنہ یورپ یا دنیا کے کسی بھی شہر میں چلنے والی میٹرو بس سے کیا جا سکتا ہے۔ پاکستان میٹرو بس منصوبہ دنیا کا سب سے بہترین اور شاندار سفری سہولتیں فراہم کرنے کا پراجیکٹ ہے جس سے لاکھوں لوگ روزانہ استفادہ کر رہے ہیں۔ منصوبے پر تعمیراتی کمپنیوں نے تیز رفتاری سے کام کیا ہے اور پنجاب حکومت ایسی تعمیراتی کمپنیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کرے گی جنہوں نے اس عظیم الشان شاہکار کو عملی جامہ پہنایا ہے۔ منصوبے کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا گیا اور تمام تعمیراتی کام اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کیا گیا ہے‘ مستقبل میں بھی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں انگیز قیادت میں ہوگا۔ عوام کے خون پسینے کی کمائی انہیں سہولتیں فراہم کرنے پر صرف کرکے ایک نئی مثال قائم کی گئی ہے، اسی طرح لاہور میں اورنج لائن میٹرو ٹرین چلانے کا بھی منصوبہ بنایا گیا ہے جس پر ابتدائی کام ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تمام علاقوں کی یکساں ترقی پر یقین رکھتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ پنجاب حکومت نے دیہی علاقوں کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ کے تاریخی منصوبے پر کام کا آغاز کر دیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت 3 برس کے دوران 150 ارب روپے کی خطیر رقم سے صوبے کی ہزاروں کلو میٹر تمام دیہی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کا کام مکمل کیا جائے گا جس سے دیہی زندگی میں انقلاب آئے گا اور کاشتکاروں کو اپنی اجناس منڈیوں تک لے جانے میں تیز رفتار آمد و رفت کی سہولتیں ملیں گی۔ انہوں نے کہا کہ سابق دور آمریت کے حکمرانوں نے صوبے میں منصوبوں کے نام پر کرپشن کے قبرستان بنا دیئے تھے، ہم نے گزشتہ 7 برس کے دوران محنت اور دیانت کے ساتھ کام کرکے کرپشن کے ان قبرستانوں کو ترقی اور خوشحالی کے میناروں میں بدل دیا ہے اور میں نے حکومت سنبھالتے ہی بدعنوانی کے خاتمے کا تہیہ کر لیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میٹروبس پراجیکٹ نے اسلام آباد اور راولپنڈی کو حقیقی معنوں میں جڑواں شہر بنا دیا ہے کیونکہ پہلے یہ دو جدا جدا شہر تھے اور ان شہروں میں بسنے والوں کو سفر کیلئے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا اور کئی بسیں اور گاڑیاں بدلنا پڑتی تھیں جبکہ انتظار کی زحمت علیحدہ اٹھانا پڑتی تھی لیکن اب پاکستان میٹرو بس سروس سے فاصلے سمٹ گئے ہیں‘ بے توقیری و بدتمیزی کی جگہ عزت و احترام نے لے لی ہے اور اب روزانہ لاکھوں لوگ پاکستان میٹرو بس سروس سے باعزت ، باکفایت، تیز رفتار، آرام دہ اور وقارکے ساتھ سفر کر رہے ہیں اور یہی خواب قائدؒ اور اقبالؒ نے دیکھا تھا جسے اب پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں عملی تعبیر دی ہے اور یہ خواب اجتماعی محنت اور کوششوں سے شرمندہ تعبیر ہوا ہے۔ اسی طرح کراچی میں گرین لائن منصوبہ بنایا گیا ہے جس پر ہمیں بہت خوشی ہے۔ میں نے خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک کو پیشکش کی ہے کہ ہم میٹرو منصوبے کے حوالے سے ہر قسم کے تعاون کیلئے تیار ہیں کیونکہ چاروں صوبے مل کر ترقی کریں گے تو پاکستان ترقی کرے گا اور ملک کو آگے لے جانے کیلئے پاکستان کی چاروں اکائیوں کو مل کر کام کرنا ہے۔ اسی طرح ہم دنیا میں اپنا لوہا منوا سکتے ہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس پراجیکٹ کا نام پاکستان میٹرو بس پراجیکٹ کرنے سے قومی یکجہتی، اخوت، بھائی چارے اور دوستی کو فروغ ملے گا۔ پاکستان میٹرو بس سروس عام آدمی کو بین الاقوامی معیار کی سفری سہولتوں کی فراہمی کا وژن سامنے رکھ کر شروع کی گئی ہے کیونکہ چند لاکھ اشرافیہ تو مرسٹڈیز اور بی ایم ڈبلیو میں سفر کرتے ہیں جبکہ عام آدمی کا کوئی والی وارث نہیں۔ خواتین کیلئے علیحدہ جگہ مختص کی گئی ہے اور ہر بس دو منٹ کے بعد سٹیشن پر پہنچے گی۔ یہ عوامی خدمت کی شاندار مثال ہے ۔ وزیراعلیٰ نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ پاکستان میٹرو بس پراجیکٹ کے فیڈر روٹس پر نئی بسیں جلد چلنا شروع ہو جائیں گی اور ان بسوں کا رنگ سبز ہوگا۔ روٹ پر صفائی اور سکیورٹی کے انتظامات کو آؤٹ سورس کیا گیا ہے اور اس ضمن میں اتھارٹی نے کمپنیوں کا شفاف طریقے سے انتخاب کیا ہے۔ صفائی اور سکیورٹی کے انتظامات کا تھرڈ پارٹی آڈٹ ہوگا اور معاہدے کے تحت جو کمپنی کام مکمل نہیں کرے گی اسے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ عوام کا منصوبہ ہے اور عوام ہی اس کے مالک ہیں اور عوام ہی اس منصوبے کی دیکھ بھال کریں گے اور مجھے یقین ہے کہ عوام اس منصوبے کا بھرپور خیال رکھیں گے۔ یہ منصوبہ اشرافیہ کی ملکیت نہیں بلکہ عوام کی اونرشپ کا ہے۔ میں نے پہلے ہی کہا تھا کہ جب میٹرو بسیں چلیں گی تو بڑی بڑی گاڑیوں والے نیچے سفر کریں گے اور عام آدمی میٹرو بسوں کے ذریعے عزت کے ساتھ اوپر سفر کرے گا اور آج یہ بات حقیقت کا روپ دھار چکی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جو لوگ یہ کہتے ہیں کہ زلزلہ آیا تو میٹرو منصوبے کا کیا ہوگا؟ یہ انتہائی غلط اور افسوسناک سوچ ہے ۔ بات ہمیشہ دلیل اور منطق کے ساتھ کرنی چاہیئے۔ جن عناصر نے یہ بات کی ہے ، یہ سوچ ان کے ذہنی دیوالیہ پن کی عکاسی کرتی ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ اس وقت میٹرو روٹ پر 68 بسیں چل رہی ہیں اور اگر ضرورت پڑی تو بسوں کی تعداد میں مزید اضافہ کریں گے۔ عوام کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے۔ اگر کوئی میٹرو کے ٹریک پر آتا ہے تو اسے ہر صورت روکنا چاہیئے، تاہم ہم اب حفاظتی اقدامات کو مزید بہتر بنا رہے ہیں، سکیورٹی کے حوالے سے میٹل ڈیٹیکٹرزسے چیکنگ کی جاتی ہے جبکہ واک تھرو گیٹس اور سکینرز بھی لگانے کا جائزہ لیا جا سکتا ہے تاہم جو مسائل سامنے آ رہے ہیں انہیں فوری طور پر حل کیا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ میٹرو روٹ پر کوئی سنچورین سٹیشن نہیں ہے بلکہ پمز ہسپتال کے نزدیک میٹرو سٹیشن کا نام پمز سٹیشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو بسوں پر سفر کے حوالے سے بھرپور آگہی مہم چلائی گئی ہے اور اس ضمن میں میٹرو بس اتھارٹی کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔ منصوبے کی سبسڈی کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں شہباز شریف نے کہا کہ کوئی حکومت میٹرو بس پراجیکٹ کی سبسڈی ختم نہیں کر سکتی، اگر کوئی حکومت سبسڈی ختم کرنے کی کوشش کرے گی تو وہ خود ختم ہو جائے گی کیونکہ یہ عوام کا منصوبہ ہے ۔ وزیراعلیٰ نے ایم ڈی نیسپاک کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہارٹیکلچر اور دیگر کاموں کا معیار یقینی بناتے ہوئے جلد سے جلد مکمل کیا جائے اور اس ضمن میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کروں گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے نے کہا کہ تھانہ کلچر تبدیل کرنے کیلئے مخلصانہ اقدامات کئے جا رہے ہیں اور اس ضمن میں کوششیں ہو رہی ہیں۔مجھے امید ہے کہ ہم اس ضمن میں ضرور کامیاب ہوں گے اور تھانہ کلچر میں بہتری آئے گی۔

مزید : صفحہ اول