لعل شہباز قلندرؒ کے عرس پر شدید گرمی اور لو کے باعث مزید 7زائرین جاں بحق

لعل شہباز قلندرؒ کے عرس پر شدید گرمی اور لو کے باعث مزید 7زائرین جاں بحق

سیہون شریف(اے این این) سیہون شریف میں لعل شہباز قلندرؒ کے سالانہ عرس کے دوران شدید گرمی اور لو کے باعث مزید 7 زائرین جاں بحق ٗدو دن میں جاں بحق افراد کی تعداد 18 ہو گئی ٗ متعدد کی حالت غیر ٗجاں بحق افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل،لاشیں اندرون سندھ اور پنجاب روانہ کردی گئیں ۔ تفصیلات کے مطابق سہون شریف میں لعل شہباز قلندر کے 763ویں عرس کی سالانہ تقریبات کے دوسرے روز بھی شدید گرمی کے باعث مزید 7زائرین جاں بحق جب کہ متعدد افراد کی حالت غیر ہو گئی اس طرح دو دن میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد18 ہوگئی ہے ۔ امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا جہاں انہیں طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔میتوں کو اندرون سندھ اور پنجاب میں ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کردیا گیا ہے۔جاں بحق افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔سیہون شریف میں برصغیر پاک و ہند کے عظیم روحانی بزرگ اور ولی کامل حضرت عثمان مروندی المعروف لعل شہباز قلندر رحم اللہ تعالی علیہ کے 763 ویں سالانہ عرس کی تقریبات جاری ہیں جس میں شرکت کے لئے ملک بھر سے ہزاروں زائرین پہنچ گئے ہیں۔ عرس کے موقع پر صوبائی حکومت کی جانب سے زائرین کی سہولت کے لئے خاطر خواہ انتظامات کئے گئے ہیں تاہم معتقدین شدید گرمی کے باعث شدید پریشان ہیں۔واضح رہے کہ ہفتے کے روز بھی لعل شہباز قلندرؒ کے عرس کے دوران شدید گرمی کے باعث 11زائرین جاں بحق جبکہ ایک شخص انڑواہ نہر میں نہاتے ہوئے ڈوب گیا تھا۔جاں بحق افراد کی میتیں آبائی علاقوں کو روانہ کر دی گئیں ۔ گزشتہ برس بھی لعل شہباز قلندرؒ کے 3روزہ عرس کے دوران شدید گرمی کے باعث 60سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

مزید : صفحہ اول